• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

چین کی بھارت کو 'ون بیلٹ ون روڈ' منصوبے میں شرکت کی دعوت

شائع May 9, 2017

نئی دہلی: بھارت میں تعینات چینی سفیر لو ژاؤہوئی نے بھارت کو چین کے 'ون بیلٹ ون روڈ' (ایک خطہ، ایک سڑک) منصوبے میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے نئی دہلی کو اس بات کی یقین دہائی کرائی کہ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے سے کسی کے خودمختار حقوق متاثر نہیں ہوں گے۔

بھارت میں چین کے سفیر لو ژاؤہوئی—۔فائل فوٹو
بھارت میں چین کے سفیر لو ژاؤہوئی—۔فائل فوٹو

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری کیے گئے متن کے مطابق لو ژاؤہوئی نے یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'مغرب میں کچھ لوگ چین کو غلط سمجھتے ہوئے یہ خیال کرتے ہیں کہ 'ڈریگن' اور 'ہاتھی' اٹل حریف ہیں اور چین بھارت کو ترقی کرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا، یہ نظریہ غلط ہے، ہم بھارت کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں جبکہ ہمیں اس بات سے بہت خوشی ہوگی کہ بھارت مشترکہ ترقیاتی مقاصد کو حاصل کرے'۔

بھارت اور چین کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود چینی صدر شی جن پنگ اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شنگھائی تعاون تنظیم، جی 20 اور برکس اجلاس کے موقع پر ایک دوسرے سے ملاقات کا موقع حاصل ہوگا۔

چینی سفیر کا کہنا تھا، 'ہمیں اختلافات کو مناسب انداز میں حل کرنا ہوگا، بحیثیت دو بڑے ہمسایوں کے یہ امر فطری ہے کہ ہمارے درمیان کچھ اختلافات ہوں، اہل خانہ کے درمیان بھی کئی مسائل ہوسکتے ہیں'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'چین اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے طویل المدتی نقطہ نظر کے قیام کی ضرورت ہے، میری تجویز یہ ہے کہ پہلے دوستانہ تعاون اور ہمسایہ تعلقات بہتر بنانے کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا جائے'۔

یہ بھی پڑھیں: ‘چین سی پیک کو بھارت سے تجارت کیلئے استعمال کرسکتا ہے‘

چینی سفیر کے مطابق 'دوسرا ہمیں چین-بھارت تجارتی معاہدے پر بات چیت کا عمل دوبارہ شروع کرنا ہوگا، تیسرا کام سرحدی مسئلے کے جلد حل کی کوشش جبکہ چوتھا کام چین کے 'ون بیلٹ ون روڈ' منصوبے اور بھارت کی 'ایکٹ ایسٹ پالیسی' کو ایک صف میں لانے کے امکانات پر غور کرنا ہے'۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ اور علاقائی روابط چین اور بھارت کو نئے مواقع فراہم کریں گے اور دو طرفہ تعاون میں مدد دیں گے، ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ ایک اہم عوامی پراڈکٹ ہے جس کی پیشکش چین دنیا کو کرسکتا ہے اور قریبی ہمسایہ ہونے کی حیثیت سے چین اور بھارت ون بیلٹ ون روڈ منصوبے کے قدرتی شراکت دار بن سکتے ہیں۔

لو ژاؤہوئی نے کہا کہ 'بھارت کا موجودہ جی ڈی پی 13 سال قبل 2004 میں چین کے جی ڈی پی کے قریب ہے، چین کو بھارت پر 13 سال کی سبقت حاصل ہے کیونکہ ہم نے 13 سال پہلے ہی اصلاحات کا آغاز کردیا تھا'۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چین اور بھارت کا سیاسی نظام مختلف ہے، 'بھارت کے سیاسی نظام کے اپنے فوائد ہیں تاہم اس میں بعض اوقات تبدیلیاں آتی ہیں جس سے ترقی کی رفتار پر اثر پڑتا ہے'۔

واضح رہے کہ بھارت کو اب بھی ون بیلٹ ون روڈ منصوبے پر اعتراض ہے جبکہ بھارت کا کہنا ہے کہ سی پیک منصوبہ آزاد جموں اور کشمیر سے گزرتا ہے جو اس کے لیے خودمختاری کے حوالے سے تشویش کا باعث ہے۔

مزید پڑھیں: سی پیک پر بھارتی تنقید چین نے مسترد کردی

چینی سفیر کے مطابق 'چین بھارت اور پاکستان کے درمیان علاقائی مسائل میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتا اور دو طرفہ مذاکرات سے ان مسائل کے حل کی حمایت کرتا ہے تاہم سی پیک کا مقصد معاشی تعاون اور رابطے کو بڑھانا ہے اور اس کا خود مختاری کے مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ماضی میں بھی سلک روڈ پر بھارت اور چین کا قریبی تعاون تھا، ہم آج کے دور میں اس تعاون کا خیرمقدم کیوں نہ کریں؟ چین ون بیلٹ ون روڈ منصوبے پر بھارت کے ساتھ تعاون کے حوالے سے مخلص ہے کیونکہ یہ دونوں ممالک کے حق میں ہے'۔

چینی سفیر کے مطابق 'کچھ بھارتی میڈیا کا یہ کہنا ہے کہ چین جنوبی ایشائی ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں ہمیشہ پاکستان کو فوقیت دیتا ہے، میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ سچ نہیں، ہم سب سے زیادہ اہمیت چینی مفاد کو دیتے ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024