• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

پی آئی اے کا کراچی تا ممبئی پروازیں معطل کرنے کا ’امکان‘

شائع May 5, 2017

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) ذرائع کے مطابق اس بات کا 'امکان' ہے کہ قومی ایئرلائن اپنا کراچی تا ممبئی فلائٹ آپریشن معطل کردے۔

اس حوالے سے جب پی آئی اے ترجمان دانیال گیلانی سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا، 'ایئرلائن کراچی سے ممبئی کے روٹ پر جانے والی پروازوں کی معطلی پر غور کررہی ہے تاہم اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا'۔

دانیال گیلانی کے مطابق اس اقدام کی وجہ ’خالصتاً معاشی‘ ہوگی۔

خیال رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن رواں ماہ کی 15 تاریخ سے ممبئی اور کراچی کے درمیان پروازیں معطل کردے گی، رپورٹ میں پروازوں کی معطلی کی وجہ پاکستان اور بھارت کے بڑھتے ہوئے کشیدہ تعلقات کو قرار دیا گیا تھا۔

تاہم ان رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے دانیال گیلانی کا کہنا تھا کہ 'اس اقدام کی وجہ مذکورہ روٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں کمی ہوسکتی ہے، تاہم لاہور سے نئی دہلی کے روٹس پر جانے والی پروازیں اپنا آپریشن جاری رکھیں گی'۔

واضح رہے کہ پاک-بھارت تعلقات گذشتہ چند ماہ سے کشیدگی کا شکار ہے۔

پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات میں کشیدگی کا آغاز 18 ستمبر 2016 کو ہونے والے اڑی حملے کے بعد ہوا جس میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

اُڑی حملے کے بعد بھارت نے حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا، تاہم پاکستان نے اس کی سختی سے تردید کردی تھی۔

تعلقات میں حالیہ کشیدگی اس وقت سامنے آئی جب بھارتی فوج نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو ہندوستانی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاشوں کو مسخ کردیا۔

پاک فوج بھارت کے ان دعوؤں کو سختی سے مسترد کرچکا ہے تاہم بھارت نے پاکستان کو دھمکی دی کہ اس کا بدلہ 'بھارت اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر لے گا'۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024