• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کے لائسنس منسوخ

شائع May 3, 2017 اپ ڈیٹ May 5, 2017

پاکستان الیکٹرانک میڈیا اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے وزارت داخلہ کی طرف سے ڈائریکٹرز کی سیکیورٹی کلیئرنس مسترد کیے جانے کے بعد بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ (پاک نیوز) کے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسز فوری طور پر منسوخ کردیئے۔

پیمرا کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیزکے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے میسرز لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز شعیب شیخ، عائشہ شعیب شیخ، وقاص عتیق اور ثروت بشیر کی سیکیورٹی کلیئرنس مسترد کیے جانے کے بعد اتھارٹی نے کمپنی کے سیٹلائٹ ٹی وی لائسنسز منسوخ کیے۔

پریس ریلیز کے مطابق منگل (2 مئی) کو پیمرا ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں اتھارٹی ارکان نے پیمرا شکایات کونسل سندھ کی سفارشات کی روشنی میں مذکورہ فیصلے کی منظوری دی۔

پیمرا نے بول انٹرٹینمنٹ (پاک نیوز) کو اپنے اصل لائسنسز بشمول تمام بقایا جات جمع کروانے کا بھی حکم دیا۔

دوسری جانب فیصلے کی کاپی بھی پاک سیٹ کو ارسال کردی گئی تاکہ بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ (پاک نیوز) کی نشریات فوری طور پر روک دی جائیں۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا 'بول نیوز' کی انتظامیہ کو نوٹس

دوسری جانب ایک علیحدہ حکم نامے میں تمام ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس اور کیبل آپریٹرز کو پیمرا اتھارٹی کے فیصلے کی روشنی میں بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ (پاک نیوز) کی نشریات فوری طور پر بند کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئیں۔

مزید کہا گیا کہ 'کسی بھی آرگنائزیشن کی جانب سے پیمرا حکم کی خلاف ورزی پر پیمرا قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی'۔

یہ بھی پڑھیں: بول نیوز کو پیمرا حکم کی خلاف ورزی پر نوٹس

اجلاس کی سربراہی چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کی، جبکہ اس موقع پر رکن سندھ سرفراز خان جتوئی، رکن خیبرپختونخوا شاہین حبیب اللہ، رکن پنجاب نرگس ناصر، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات سردار احمد نواز سکھیرا اور چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شام بھی موجود تھے۔

کارٹون

کارٹون : 4 نومبر 2024
کارٹون : 3 نومبر 2024