• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

'ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ منظوری کے بعد جاری ہوگی'

شائع May 3, 2017

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد جاری کی جائے گی۔

ایبٹ آباد الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگ زیب نے کہا کہ رپورٹ میں قومی سلامتی سے متعلق چند حساس معلومات بھی شامل ہیں۔

گذشتہ برس اکتوبر میں ڈان اخبار میں شائع ہونے والی ایک خبر کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے حکومت کا نقطہ نظر واضح کردیا ہے کہ رپورٹ کا ہر حصہ جاری کیا جائے گا اور کچھ بھی چھپا نہیں رہے گا۔

مزید پڑھیں: ڈان خبر کی تحقیقات:’میڈیا نے نان ایشو کو ایشو بنادیا‘

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) پاناما پیپرز کے معاملے پر تشکیل دی گئی ہے اور اس کے اراکین سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ احکامات اسٹینڈرڈ آپریٹیو پروسیجر (ایس او پی) پر عمل درآمد کریں گے، لہذا قوم کو اس کے نتائج کا انتظار کرنا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاناما پیپر کیس کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کا نقطہ نظر پہلے دن سے ہی واضح ہے کہ وہ عدالت کا فیصلہ قبول کریں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت ملک کا 70 واں یوم آزادی پورے قومی جذبے سے منائی گی۔

یہ بھی پڑھیں:پاناما کیس فیصلے پر عملدرآمد کیلئے خصوصی بینچ تشکیل

ایبٹ آباد پریس کلب کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگ زیب نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انھیں وفاقی اور پنجاب حکومت کی پیروی کرنی چاہیئے۔

انھوں نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاسی جماعتوں سے وزیراعظم کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وزیراعظم کی درست پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت تبدیل ہوئی ہے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے صوبائی حکومت کی جانب سے گڈ گورننس کے کھوکھلے نعروں اور جھوٹے دعووں کو مسترد کردیا ہے اور لوگ حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ترقی کا نیا دور شروع ہوچکا ہے جہاں بے شمار میگا پراجیکٹس شروع کیے جارہے ہیں۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن نے ملک کو صحیح راستے پر گامزن کیا ہے اور کوئی بھی شخص کسی بھی وفاقی وزیر کے خلاف کرپشن میں ملوث ہونے کے حوالے سے انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کے سات وزراء کے خلاف کرپشن کے الزامات سامنے آچکے ہیں اور جس طرح خیبر پختونخوا حکومت نے احتساب عدالتوں سے سلوک کیا ہے وہ خراب کارکردگی کی بدترین مثال ہے۔

ویج بورڈ ایوارڈ پر عملدرآمد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد ڈرافٹ حتمی مرحلے میں ہے اور جلد ہی قومی اسمبلی میں پیش کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کے تحفظ اور سلامتی کے لیے ایک بل قومی اسمبلی میں لایا جائے گا۔

قبل ازیں قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت صوبے کی ترقی کے لیے سنجیدہ نہیں ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے پروجیکٹ اور اسکیم میں حصہ ڈالنے کی پیش کش بالخصوص ہزارہ ڈویژن کے انفراسٹرکچر اور ایبٹ آباد بائی پاس کی تعمیر کو رد کرچکی ہے۔

مریم اورنگ زیب نے الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن آف ایبٹ آباد کے استقبالیے میں بھی شرکت کی۔


یہ رپورٹ 3 مئی 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024