جھنگ: پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ
صوبہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔
پاکستان ایئرفورس (پی اے ایف) ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ضلع جھنگ کے علاقے اٹھارہ ہزاری کے قریب معمول کی تربیتی پرواز کے دوران میراج طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تاہم حادثے کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ محفوظ رہا جسے ریسکیو کرلیا گیا۔
طیارہ گرنے کے نتیجے میں کسی مکان کے متاثر یا عام شہری کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔
مزید پڑھیں: پشاور: پاک فوج کے مشاق طیارے کی کریش لینڈنگ
ترجمان فضائیہ کے مطابق طیارہ گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے ایئر ہیڈکوارٹرز کی جانب سے انکوائری بورڈ کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ اپریل میں بھی صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں پاک فوج کا تربیتی طیارہ درخت سے ٹکرا کر گرگیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جہلم: فوج کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ محفوظ
کالو وال میں پاک فوج کا چھوٹا مشاق تربیتی طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ اچانک فنی خرابی کے باعث طیارہ درخت سے ٹکرا کر گرگیا تاہم طیارے میں سوار دونوں پائلٹ کرنل فضل الرحمٰن اور کیپٹن عفان محفوظ رہے تھے۔