• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نواز مخالف مہم کے جواب میں گرینڈ الائنس بنانے کا فیصلہ

شائع April 29, 2017

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 'گو نواز گو' مہم کے آغاز کے بعد حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر گرینڈ الائنس بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

باخبر ذرائع کے مطابق نواز مخالف مہم کے انسداد کا یہ فیصلہ گورنر ہاؤس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ہمراہ دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی موجودگی میں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے مسلم لیگ (ن) کا وفد جلد ہی فنکشنل لیگ کے سربراہ پیر پگارا سے بھی ملاقات کرے گا۔

گذشتہ شام (28 اپریل) کو ہونے والے اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد ملک میں جاری حکومت مخالف تحریکوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی مجموعی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پاکستان مسلم لیگ کے رہنماؤں نے فکشنل لیگ کو ان کے 'تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی' بھی کروائی۔

مسلم لیگ (ن) نے سندھ میں پارٹی کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی مخالف قوم پرست پارٹی کے رہنماؤں سے رابطے بہتر بنانے کا فیصلہ بھی کیا۔

اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں عوامی جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں وزیراعظم نواز شریف خطاب کریں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ نواز مخالف مہم کے جواب میں قائم کیے جانے والے الائنس کی تفصیلات اعلیٰ قیادت کی ملاقات میں طے کی جائیں گی اور یہ ملاقات جلد ہی متوقع ہے۔

اس سے قبل وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات بھی کی۔

ملاقات میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے آپریشن جاری رہے گا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ کسی بھی دباؤ کے بغیر آپریشن جاری رکھ سکیں۔

وزیر داخلہ اور گورنر سندھ نے سندھ میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جاری آپریشن کا بھی جائزہ لیا۔

قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے وزیر داخلہ اور گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن بحال کرنے کے لیے کی جانے والی کوششیں ناکام نہیں جائیں گی۔

محمد زبیر نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ کراچی کی صورتحال میں بہتری کے بعد سے شہر میں معاشی، سماجی، ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

چوہدری نثار نے پاکستان کوسٹ گارڈ ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے شہداء کے یادگار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ کو ساحلی سرحد پر اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے کوسٹ گارڈ کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا اور ان کی دفاعی صلاحیت سمیت آپریشنل امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔


یہ خبر 29 اپریل 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024