'کراچی میں 5 لاکھ جعلی شناختی کارڈز جاری نہیں ہوئے'
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ان افواہوں کی تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جارہا تھا کہ گذشتہ کچھ سالوں میں کراچی میں 5 لاکھ جعلی کمپیوٹرائز قومی شناختی کارڈز جاری کیے گئے ہیں۔
پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے متضاد معلومات کے 350000 شناختی کارڈز کی نشاندہی کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ 'ان شناختی کارڈز میں 172000 ایسے ہیں جنھیں منسوخ کردیا گیا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ دیگر شناختی کارڈز کی تصدیق کا کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 600 نادرا ملازمین کے خلاف پہلے ہی کارروائی عمل میں لائی جاچکی ہے، یہ وہ ملازمین ہیں جن پر سماج دشمن عناصر کو سہولت فراہم کرنے کا الزام ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی میں ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی اور نارتھ ناظم آباد میں دو نادرا میگا سینٹرز کا افتتاح کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'کراچی کے سائٹ ایریا میں نادرا کے تیسرے میگا سینٹر کا افتتاح مئی میں کیا جائے گا'۔
اس سے قبل چوہدری نثار علی آج دو روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے، وہ اپنے دورے کے دوران مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں، سندھ حکومت کے حکام اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صوبائی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نادرا میگا سینٹرز کے افتتاح کے بعد وفاقی وزیرداخلہ کوسٹ گارڈ ہیڈکواٹر بھی گئے جہاں کوسٹ گارڈ کی جانب سے انہیں سلامی دی گئی۔
وزیرداخلہ نے گورنرہاوس میں گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کی اور کراچی آپریشن پرتبادلہ خیال کیا۔
تبصرے (1) بند ہیں