ایرانی سرحدی محافظوں کی ہلاکت پر پاکستان کا اظہار افسوس
وزارت خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان سرحدی علاقے میں عسکریت پسندوں سے جھڑپ کے دوران 8 ایرانی سرحدی محافظوں کی ہلاکت پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
وزارت خارجہ کے جاری بیان کے مطابق یہ پیغام وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے خارجہ امور طارق فاطمی کی جانب سے ایرانی سفیر کو بھیجا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 'پاکستان تعلقات کی مضبوطی اور سرحد کے ساتھ سیکیورٹی کیلئے ایرانی حکومت سے اپنے تعاون کا اعادہ کرتا ہے'۔
وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ اس حوالے سے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام رابطے میں ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستانی سرحد کے قریب جھڑپ، ایران کے 8 سرحدی محافظ ہلاک
پاکستان ایرانی حکومت اور عوام کیلئے اس واقعے کے سلسلے میں مخلصانہ تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔
گذشتہ روز پاکستان سے منسلک ایرانی سرحدی صوبے سیستان بلوچستان میں مسلح عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں 8 ایرانی سرحدی محافظ ہلاک ہوگئے تھے۔
ایرانی میڈیا نے حکومت کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ حملوں میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والی مسلح تنظیم جیش العدل ملوث ہے اور اس تنظیم سے تعلق رکھنے والے جنگجو سیستان بلوچستان میں سرگرم ہیں۔
یاد رہے کہ جیش العدل گذشتہ چند برسوں سے سیستان اور بلوچستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں متعدد حملے کرچکی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ مذکورہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز اور منشیات اسمگلروں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں کیونکہ یہ علاقہ افغانستان سے منشیات کی ایران، عرب ممالک اور یورپ میں اسمگلنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔