• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

کلبھوشن تک قونصلر رسائی کا بھارتی مطالبہ ایک بار پھر مسترد

شائع April 26, 2017 اپ ڈیٹ April 27, 2017

سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے بھارت کو ایک مرتبہ پھر پاکستان کے اصولی موقف سے آگاہ کردیا ہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل سے رواں ماہ سزائے موت پانے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی نہیں دی جائے گی۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنر گوتم بمباوالے نے اسلام آباد میں سیکریٹری خارجہ سے ملاقات کے دوران ایک مرتبہ پھر کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم کیس کے قانونی پہلوؤں کا حوالہ دیتے ہوئے تہمینہ جنجوعہ نے بھارتی سفیر کو بتایا کہ کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی نہ دینے کے فیصلے پر پاکستان قائم ہے۔

مزید پڑھیں: 'کلبھوشن کو قونصلررسائی نہ دینا دو طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی نہیں'

اس موقع پر سیکریٹری خارجہ نے گوتم بمباوالے کو نشاندہی کی کہ کلبھوشن یادیو بھارت کا حاضر سروس نیول افسر ہے اور وہ پاکستان میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے اس لیے مجرم کو ایسی رسائی نہیں دی جاسکتی۔

خیال رہے کہ کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنائے جانے کے بعد بھارتی ہائی کمشنر نے دوسری مرتبہ سیکریٹری خارجہ سے ملاقات کے دوران قونصلر رسائی کا مطالبہ کیا۔

اس سے قبل 14 اپریل کو بھارتی ہائی کمشنر نے ایسی ہی ایک درخواست کی تھی، اس موقع پر انھوں نے اس بات کی نشاندہی بھی کی تھی کہ اس سے قبل وہ کلبھوشن تک قونصلر رسائی کیلئے 13 مرتبہ درخواست کرچکے ہیں تاہم ان کا جواب نہیں دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی

یاد رہے کہ دو روز قبل نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے بھارت کے ان دعوؤں کو مسترد کردیا تھا کہ پاکستان نے ہندوستانی جاسوس کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی نہ دے کر دو طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی کی۔

عبدالباسط کا کہنا تھا کہ 'ہمارے درمیان دوطرفہ معاہدہ موجود ہے جس میں یہ واضح تحریر ہے کہ سیاسی اور سیکیورٹی سے متعلق معاملات پر فیصلہ میرٹ پر ہوگا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس لیے اب تک ہم نے ریاست کے قانون اور بھارت سے ہونے والے دو طرفہ معاہدے کے مطابق سخت فیصلہ کیا ہے، ہم نے کسی چیز کی خلاف ورزی نہیں کی'۔

عبدالباسط نے کہا کہ 'ہم اپنے قانون اور ساتھ دو طرفہ معاہدے اور عزم کے مطابق کارروائی کررہے ہیں'۔

پاکستانی ہائی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا، انھوں نے بھارتی دعوؤں کو مسترد کیا کہ ان کے جاسوس اور حاضر سروس نیول افسر کو ایران سے اغوا کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: کلبھوشن یادیو کون ہے؟

خیال رہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں ایک آپریشن کے دوران پاکستان میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

کلبھوشن یادیو کو رواں ماہ کے آغاز میں فوجی ٹربیونل نے ملک میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام ثابت ہونے اور اس حوالے سے اعتراف پر سزائے موت سنائی تھی۔

کلبوشن یادیو پر بھارت کے لیے جاسوسی کرنے، پاکستان میں دہشت گردی کی معاونت کرنے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے الزامات ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024