اسلام آباد: کینیڈین سینیٹر کے پرس چھینے جانے کا مقدمہ درج
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے پاکستانی نژاد کینیڈین سینیٹر کے ساتھ گذشتہ روز پیش آنے والے راہزنی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔
تھانہ کوہسار میں کینیڈین سینیٹر سلمیٰ عطاء اللہ جان کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق راہزنی کا یہ واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں 10 بج کر 20 منٹ کے قریب پیش آیا۔
ایف آئی آر کے مطابق دو نامعلوم موٹر سائیکل ملزمان نے کینیڈین سینیٹر سے ان کا ہینڈ بیگ چھینا اور فرار ہوگئے، چھینے گئے ہینڈ بیگ میں 4 ہزار 200 امریکی ڈالر، 62 ہزار پاکستانی روپے سمیت، کریڈٹ کارڈز اور ان کی دیگر دستاویزات موجود تھیں۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان میں پیدا ہونے والی سلمیٰ عطاءاللہ جان جنوبی ایشیائی برادری کی ایڈووکیٹ ہیں، وہ 1980 میں شادی کے بعد کینیڈا منتقل ہوئی تھیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں چینی چیمبر آف کامرس کے صدر اور نائب صدر کے گھر سے 5 لاکھ روپے چوری ہوگئے تھے جنہیں لاہور پولیس نے 24 گھنٹے میں برآمد کرلیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان دہشت گرد نہیں محفوظ ملک ہے،چینی شہری
چینی شہریوں کے گھر میں پیش آنے والی چوری کی واردات کے بعد ایف آئی آر درج کروائی گئی تھی جس کے 24 گھنٹوں کے اندر پولیس نے مسروقہ رقم برآمد کرلی تھی۔