• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ٹیکس نادہندگان کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کی سفارش

شائع April 25, 2017

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ٹیکس نادہندگان کے شناختی کارڈز بلاک کرنے کی سفارش کر دی تاہم چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کہتے ہیں ایسا کرنے کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی سردار عاشق گوپانگ کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں ایف بی آر ان لینڈ ریوینیو کی آڈٹ رپورٹ 14-2013 پر غور کیا گیا۔

رپورٹ میں 169 ارب 74 کروڑ روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا گیا جبکہ یہ بات بھی سامنے آئی کہ ان لینڈ ریوینیو کے 26 ارب 37 کروڑ روپے مالیت کے 22 کیسز عدالتوں میں زیر التواء ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر آن لائن رجسٹریشن، فراڈ میں مددگار

رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے اب تک صرف 20 ارب روپے کی وصولیوں کی تصدیق کروائی ہے۔

اجلاس کے دوران چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد کا کہنا تھا کہ ایف بی آر نے لیگل ڈپارٹمنٹ میں اصلاحات پر کافی توجہ دی ہے، اربوں روپے کے کیسز کی پیروی کرنے والے وکلا کو صرف 20 سے 30 ہزار روپے ماہانہ دیے جاتے تھے۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ اب وکلا کو 65 ہزار روپے تک ماہانہ معاوضہ ادا کیا جا رہا ہے۔

قائم مقام چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی)عاشق گوپانگ نے اس موقع پر کہا کہ زیر التواء مقدمات سے متعلق پی اے سی پارلیمنٹ میں مناسب قانون سازی کروا سکتی ہے، زیر التوا کیسز کی جلد پیروی کے لیے اٹارنی جنرل کے ذریعے عدلیہ سے رابطہ کیا جائے۔

مزید پڑھیں: سیکیورٹی کلیئرنس کا انتظار: 1 لاکھ 75ہزار شناختی کارڈ تاحال بلاک

اجلاس کے دوران رکن پی اے سی پرویز ملک نے استفسار کیا کہ جو کمپنیاں نادہندہ ہیں کیا ایف بی آر ان کے مالکان کے شناختی کارڈز بلاک کر سکتا ہے؟

اس پر چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے پاس یہ اختیار نہیں ہے۔

پرویز ملک کا مزید کہنا تھا کہ فیصل آباد کا ایک گروپ 12سے 13ارب روپے کا ڈیفالٹر ہے، صرف شناختی کارڈز نہیں نادہندگان کے پاسپورٹس بھی بلاک کیے جائیں۔

چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ صرف نادرا ہی ٹیکس نادہندگان کے شناختی کارڈز بلاک کر سکتا ہے، ہمارے قانون میں ایسا کچھ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی: کرپٹ افسران کو فارغ کرنیکی ہدایت

انہوں نے کہا کہ پی اے سی سفارش کرے تو نئے فنانس بل میں یہ شق ڈالیں گے جس کے بعد پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ٹیکس نادہندگان اور کیسز کی پیروی نہ کرنے والوں کے شناختی کارڈز بلاک کر نے کی سفارش کر دی۔

عاشق گوپانگ نے اس موقع پر کہا کہ جو فراڈ کرتے ہیں ان کو معاف نہ کیا جائے جس پر چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ اس وقت سدرن پاور، لبرٹی پاور، صبا پاور، پی ٹی سی ایل اور روش لمیٹڈ بڑے نادہندگان ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024