خلا میں زیادہ عرصے تک رہنے والی دنیا کی پہلی خاتون
نیویارک: ویسے تو 57 سالہ امریکی خاتون خلا باز پیگی وائٹ سن کے لیے خلا میں ریکارڈ بنانا کوئی نئی بات نہیں، تاہم اب انہوں نے امریکا کے شہری کی حیثیت سے زیادہ عرصے تک خلا میں رہنے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
پیگی وائٹ سن سے پہلے امریکی خلا باز جیفری ولیمز نے خلا میں زیادہ دیر تک رہنے کا ریکارڈ بنایا تھا، انہوں نے خلا میں 534 دن، 2 گھنٹے اور 48 منٹ گزارے۔
تاہم جیفری ولیمز کا ریکارڈ خاتون خلا باز پیگی وائٹ نے 24 اپریل کو توڑ دیا۔
ناسا کے مطابق پیگی وائٹ نے 24 اپریل کو ایک بج کر 27 منٹ پر جیفری ولیمز کا ریکارڈ برابر کیا، اور اس وقت وہ خلا میں سب سے زیادہ وقت تک رہنے والی پہلی امریکی خلا باز ہونے کے ساتھ وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والی دنیا کی پہلی خاتون بھی بن گئیں۔
پیگی وائٹ سن ابھی بھی خلا میں موجود ہیں، اور مزید وقت وہاں رہیں گی، ریکارڈ بنانے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں مبارک باد دی ، اور ان کے ساتھ ویڈیو کے ذریعے بات بھی کی۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے پیگی وائٹ نے 31 مارچ کو خلا میں سب سے زیادہ چہل قدمی کرنے کا ریکارڈ بنایا تھا۔
انہوں نے مجموعی طور 8 مہمات کے دوران 53 گھنٹے سے زائد چہل قدمی کی۔
پیگی وائٹ کے پاس پہلی خاتون خلا باز ہونے کے ناتے خلائی اسٹیشن کی کمانڈ سنبھالنے کا اعزاز بھی ہے، جب کہ رواں ماہ 9 اپریل کو انہوں نے خلا میں دگنی کمانڈ سنبھالنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
وہ خلا میں کم سے کم 650 دن رہنا چاہتی ہیں، امکان ہے کہ وہ رواں برس ستمبر تک واپس آجائیں گی۔
پیگی وائٹ سن نے امریکی خلائی ادارے ناسا کے ساتھ 1980 سے کام کرنا شروع کیا، انہوں نے بائیو کیمسٹری میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری لے رکھی ہے۔
انہوں نے پہلا خلائی دورہ 2002 میں کیا، وہ ناسا کے متعدد منصوبوں میں اہم ذمہ داریاں سر انجام دے چکی ہیں۔