طارق فاطمی کے خلاف میڈیا رپورٹس بے بنیاد: دفتر خارجہ
اسلام آباد: دفتر خارجہ نے وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی کے خلاف چند بے بنیاد میڈیا رپورٹس کو مسترد کردیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے شائع ہونے والی کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انکوائری کمیٹی رپورٹ کے مطابق ڈان لیکس میں ان کے مبینہ کردار پر طارق فاطمی کو عہدے سے ہٹایا جاسکتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’کچھ میڈیا اداروں کی جانب سے طارق فاطمی کے خلاف اس قسم کے بے بنیاد الزامات لگائے گئے کہ وہ ملک چھوڑ کر جاچکے ہیں’۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، جبکہ ایک ٹی وی چینل کے نیوز اینکر کی جانب سے ان پر لگائے گئے غیر ذمہ دارانہ اور بدنیتی پر مبنی الزامات نہ صرف ذاتی طور پر طارق فاطمی پر بلکہ اس وزارت پر بھی ایک سنگین حملہ ہے، جو دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے معاملات دیکھتی ہے’۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’وزارت نے طارق فاطمی کے خلاف اس بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور وہ اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہے’۔