• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاناما فیصلے کے بعد سندھ میں سیاسی ہلچل شروع

شائع April 23, 2017

پاناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد صوبہ سندھ میں سیاسی ہلچل شروع ہوگئی، حکمراں جماعت مسلم لیگ ن سمیت 4 سیاسی جماعتوں نے سڑکوں پر نکل کر طاقت کا مظاہرہ کیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی نے اندرون سندھ لاڑکانہ، مٹھی، بدین، شکار پور اور دیگر علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا تاہم اس احتجاج میں انہوں نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کیا۔

کراچی میں بھی پیپلز پارٹی نے لیاری اور حسن اسکوائر سے 'نو نواز نو ریلی' نکالی جبکہ اس ریلی میں کے الیکڑک کاعلامتی جنازہ بھی رکھاگیا۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب میں حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیااور کہا کہ پانامہ کیس کےفیصلے کے بعد وزیراعظم کو گھرچلے جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: 'عمران خان اناڑی ڈرائیور، اقتدار نہیں دے سکتے'

ریلی میں کے الیکڑک کا علامتی جنازہ بھی شامل کیاگیا، رہنماؤں کا کہنا تھا کہ طویل لوڈشیڈنگ اور بھاری بھاری بل شہریوں کے لیے عذاب بنے ہوئے ہیں۔

ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ریگل چوک پہنچ کر اختتام پزیرہوئی۔

وزیراعظم کے حق میں ریلی

کراچی میں مسلم لیگ ن نے 'نوازشریف زندہ باد' ریلی نکالی جس کا آغاز کارساز سے ہوا جومختلف راستوں سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک پہنچ کر اختتام پزیرہوئی۔

ریلی میں شریک رہنماوں کا کہنا تھا کہ اگلی باری بھی نوازشریف کی حکومت ہوگئی جبکہ سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے۔

مزید پڑھیں: ’نواز شریف کی استعفیٰ دینے میں ہی عزت ہے‘

سینیٹرنہال ہاشمی کی قیادت میں مسلم لیگ ہاوس کارساز سے گاڑیوں کے قافلے نکلے، کارکنوں نے پارٹی پرچم اور نوازشریف کی تصاویر اٹھائی ہوئیں تھیں۔

ایم کیو ایم پاکستان اور لندن آمنے سامنے

متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے کراچی کےمسائل اجاگرکرنے اورانہیں حل کرانے کیلئے ریلی نکالی۔

ایم کیو ایم پاکستان نے مستقبل کے لیے جدوجہد کی لیکن ماضی نے ان کا پیچھا نہ چھوڑا، ایم کیوایم پاکستان کی ریلی شروع ہوئی تو پرانے ساتھیوں سے پالا پڑا گیا، لندن قیادت کے حق میں نعرے لگتے رہے جبکہ بانی متحدہ کا گانا بجایا گیا تو ایک کارکن کی درگت بنادی گئی۔

متحدہ پاکستان کی قیادت کو اس وقت مشکل کاسامنا کرناپڑا جب ان کی ریلی سے پہلے جگہ جگہ ان کے خلاف چاکنگ کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: الطاف حسین کے بعد ایم کیو ایم کا پہلا یوم تاسیس

دیواروں پر لکھنے والوں نے لندن قیادت کے حق میں نعروں کے ساتھ 23 اپریل کی کی تاریخ بھی لکھی۔

جب ریلی کاآغاز ہوا تو متحدہ قیادت کےحامیوں نے بانی متحدہ کےحق میں نعرے بلند کردیے، ایم کیو ایم پاکستان والوں نے خون کے گھونٹ پی کر نعرے برداشت کیے تولیاقت آباد کے قریب استقبالیہ کیمپ میں متحدہ بانی کے حق میں گاناچلادیا گیا جس پر گانے بجانے والے کی درگت بنادی گئی۔

پی ایس پی کا دھرنا ختم، لانگ مارچ کا اعلان

کراچی میں پاک سرزمین پارٹی نے گزشتہ 18 روز سے جاری دھرنا ختم کرتے ہوئے ملین مارچ کا اعلان کردیا۔

پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 14 مئی کو حکمرانوں کے محلات کا رخ کریں گے۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کراچی پریس کلب کے باہر کارکنان کے اجتماع میں آئندہ کا لائحہ عمل بتادیا۔

مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ ان کی جماعت اپنے دھرنے میں سرخرو رہی اور کراچی والے اب جاگ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب اپنے حقوق لینے اور حکمرانوں کے محلات کے درودیوار ہلانے کے لیے ملین مارچ ہوگا۔

مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ کراچی والوں نے شہر کے نام نہاد وارثوں کونوٹ اور ووٹ ہی نہیں دیئے بلکہ ان پر جانیں بھی نچھاور کیں لیکن انہوں نے شہری مسائل کے لیے کبھی آواز نہیں اٹھائی، آج ہماری جدوجہد کی کامیابی دیکھ کر سب کو احتجاج یاد آگیا۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024