• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

مہمند ایجنسی: بارودی سرنگ کا دھماکا، سیکیورٹی اہلکار جاں بحق

شائع April 23, 2017

پشاور : پاکستان کے قبائلی علاقے مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے علینگار میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔

پولیٹیکل انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق صافی کے علاقے علینگار میں سیکورٹی کے خاصہ دار اہلکار گزر رہے تھے کہ پہلے سے نصب ایک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک خاصہ دار جاں بحق ہوا جس کی شناخت اقبال کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوا جس کو ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

زخمی اہلکار کو کو ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد پشاور بھیج دیا گیا۔

مہمند ایجنسی کے مرکز میں جاں بحق اہلکار کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مہمند ایجنسی میں سرکاری اسکول دھماکے سے تباہ

خیال رہے کہ مہمند ایجنسی میں سیکیورٹی کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر گزشتہ ایک ماہ سے موبائل نیٹ ورک کو بند کردیا گیا ہے۔

ایجنسی میں وقفے وقفے سے بارودی سرنگ کے دھماکوں میں سیکورٹی اہلکاروں اور امن کمیٹی کے سربراہوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے تازہ باردوی سرنگ دھماکے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جبکہ کسی تنظیم کی جانب سے حملے کی ذمہ داری بھی قبول نہیں کی گئی۔

مزید پڑھیں: مہمند ایجنسی: نماز جمعہ میں خودکش دھماکا،24 ہلاک

ماضی میں تحریک طالبان جماعت الحرار نے ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں مہمند ایجنسی کی تحصیل صافی کے علاقے چمر کنڈ میں شدت پسندوں نے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول کو بارودی مواد سے نشانہ بنا کر اڑایا تھا جبکہ ستمبر 2016 میں مہمند کی تحصیل انبار کے علاقے پائی خان میں نماز جمعہ کے دوران دھماکا ہوا تھا جس میں 24 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024