• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں شاہ زیب پر فرد جرم عائد

شائع April 21, 2017

لاہور: اینٹی کرپشن ٹربیونل نے اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کے دوران شاہزیب حسن پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر فرد جرم عائدکردی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قائم اینٹی کرپشن ٹربیونل نے پریس ریلیز میں بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں اینٹی کرپشن ٹربیونل نے اسپاٹ فکسنگ کیس کی ابتدائی سماعت کی جس میں شاہ زیب حسن پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے دوران بکیز کے رابطہ کرنے کے بارے میں پی سی بی کو آگاہ نہ کرنے پر اینٹی کرپشن کوڈ کے کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا اور اسی جرم میں ان پر فرد جرم عائد کی گئی۔

مزید پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ: ناصر جمشید پی سی بی سے تعاون پر تیار

سماعت کے دوران کمیٹی کے چئیرمین جسٹس اصغر حیدر، کمیٹی کے ممبران لیفٹننٹ جنرل رٹائرڈ توقیر ضیا اور وسیم باری بھی موجود تھے جبکہ اسپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث شاہ زیب حسن اور ان کے وکیل بیرسٹر ملک کاشف رجوانہ پیش ہوئے۔

اس کے علاوہ پی سی بی کے ویجیلینس اور سیکیورٹی ڈپارٹمینٹ کے سربراہ کرنل ریٹائرڈ محمد اعظم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ٹربیونل دونوں فریقین سے مشاورت کے بعد اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کیس کے وقت اور طریقہ کار پر رضا مند ہوا ہے۔

تاہم پی سی بی ابتدائی تفصیلات اور شواہد کے ساتھ موجود دعوؤں کو 4 مئی 2017 کو ٹریبونل میں جمع کرائے گا۔

پریس ریلیز کے مطابق شاہ زیب حسن کو 18 مئی 2017 تک اپنے جوابات داخل کرانے کا موقع دیا جائے گا جس کے بعد پی سی بی کو 25 مئی تک اپنی صوابدید پر جواب جمع کرانے کی اجازت ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ: شاہ زیب حسن بھی عارضی طور پر معطل

پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کیس کی سماعت کو خفیہ رکھنے کی ضرورت ہے اور دونوں فریقین کی جانب سے اس کیس یا اس کی کارروائی پر کسی بھی قسم کا تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی سی ایل کے پہلے ہی میچ کے بعد اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد شاہ زیب حسن، خالد لطیف، محمد عرفان اور شرجیل خان کومعطل کر دیا گیا تھا۔ جس کے بعد ان کھلاڑیوں کو نوٹس آف چارج شیٹ جاری کر دی گئی تھی۔

شاہ زیب حسن کو دی جانے والی چارج شیٹ کے ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ اوپنر بیٹسمین نے بکیز کے رابطہ کرنے پر پی سی بی انتظامیہ کو دیر سے آگاہ کیا، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اب شاہ زیب حسن بھی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سامنے پیش ہوں گے۔

شاہ زیب حسن نے 2009 کا ورلڈ ٹی20 جیتنے والی پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی اور بہترین کارکردگی دکھائی تھی۔

پی ایس ایل 2017 کے دوران شاہ زیب حسن کراچی کنگز کی نمائندگی کر رہے تھے تاہم بنا کوئی میچ کھیلے ہی انہیں پی ایس ایل سے باہرکر دیا گیا تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024