• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت کا چیمپیئنز ٹرافی کے بائیکاٹ پر غور

شائع April 20, 2017
ہندوستان کی ٹیم 2013 کی چیمپیئنز ٹرافی کی چیمپیئن ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
ہندوستان کی ٹیم 2013 کی چیمپیئنز ٹرافی کی چیمپیئن ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے بگ تھری کے خاتمے کی کوششوں پر ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کی نے سخت موقف اپناتے ہوئے اپنے خلاف فیصلہ آنے پر چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

رواں سال آئی سی سی کے ورکنگ گروپ کی جانب سے آئینی اور مالی معاملات میں تبدیلیوں کی سفارش کی گئی جس کو آئی سی سی بورڈ نے قبول کرتے ہوئے تبدیلیوں پر غور وخوض اور اراکین کو شامل کرنے کے لیے اپریل میں ہونے والے بورڈ کے اگلے اجلاس میں پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

اس سلسلے میں اجلاس رواں ماہ 24 اپریل کو ہو گا جس کے تحت ممکہ طور پر بگ تھری کے خاتمے کی منظوری دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: آملا کی آئی پی ایل میں تباہ کن بیٹنگ

آئی سی سی نے 2014 میں تین ملکوں ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ پر مشتمل بگ تھری کا ایک مضبوط نظام قائم کیا تھا جس کو آئی سی سی سے زیادہ فوائد حاصل ہورہے تھے تاہم اس پر کرکٹ کے غیرجانبدار حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی گئی تھی۔

اس نظام کے تحت مالی اور انتظامی معاملات کے تمام تر اختیارات ہندوستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پاس تھا اور بڑھتے ہوئے ٹی وی رائٹس، آئی پی ایل اور دیگر وجوہات کے سبب اس منصوبے کا سب سے زیادہ فائدہ ہندوستان نے اٹھایا۔

اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی کے ورکنگ گروپ نے اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن اس صورت میں سب سے زیادہ نقصان بی سی سی آئی کو ہو گا جس کی وجہ سے انہوں نے ابھی سے منصوبے کے خلاف پراپیگنڈا شروع کردیا ہے۔

اس معاملے پر بی سی سی آئی کا جنرل اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ انڈیا آئی سی سی کے نئے آئین کی مخالفت کرے گا جس میں ہندوستان کا مالی حصہ ممکنہ طور پر کم کردیا جائے گا۔

اس وقت ہندوستان نے چھوٹے بورڈز کو ساتھ ملانے کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور سری لنکا، بنگلہ دیش اور زمبابوے اس کا ساتھ دینے پر رضامندی ظاہر کر چکے ہیں اور اسے بگ تھری کو برقرار رکھنے کیلئے صرف ایک تہائی اکثریت درکار ہے۔

تاہم اگر آئی سی سی کا فیصلہ بی سی سی آئی کے خلاف آتا ہے تو بورڈ نے اس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے چیمپئنز ٹرافی کے بائیکاٹ کا منصوبہ بنایا ہے اور اگر آئی سی سی نے بگ تھری کے خاتمے کی منظوری دی تو ہندوستان یکم جون سے شروع ہونے والے ایونٹ کا بائیکاٹ کر دے گا۔

چیمپئنز ٹرافی میں ہندوستان کی ٹیم گروپ بی میں موجود ہے جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف پاکستان، جنوبی افریقہ اور سری لنکا سے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024