کیا دماغ کی لہروں سے موسیقی سننا ممکن ہے؟
لندن: ٹی وی یا لاؤڈ اسپیکر سے دور بیٹھے ہوئے اپنی پسندیدہ موسیقی چلانا تو کوئی انہونی بات نہیں، تاہم انسان کی سوچ یا اس کے دماغ میں اٹھنے والی لہروں کی مدد سے موسیقی چلنے لگے تو یقینا یہ تعجب دلانے والی بات ہوگی۔
مگر آنے والے سال میں یہ تعجب دلانے والی بات حقیقت بن جائے گی۔
جی ہاں لندن کے نیورو سائنس کے ماہرین، موسیقار اور کمپنیز ایک ایسا سافٹ ویئر تیار کرنے میں مصروف ہیں جو دماغ میں اٹھنے والی لہروں کو پڑھ کر موسیقی چلانے کے قابل ہوگا۔
یہ ایک ایسا سافٹ ویئر ہوگا جس میں مختلف طرز کی موسیقی محفوظ ہوگی، اور یہ سافٹ ویئر ایک مختلف الیکٹرانک ہیڈ فون سے منسلک ہوگا۔
الیکٹرانک ہیڈ فون میں انسانی دماغ میں اٹھنے والی لہروں کو سمجھنے یا پڑھنے کی صلاحیت ہوگی، اور وہ ہیڈ فون اٹھنے والی لہروں کو سافٹ ویئر تک پہنچائے گا، جس کے بعد سافٹ ویئر ان لہروں سے مطابقت رکھنے والی موسیقی چلانا شروع کردے گا۔
رائل ہاسپیٹل فار نیورو ڈس ایبلٹی (آر ایچ این) لندن کے ماہرین گزشتہ 2 سال سے ایسا سافٹ ویئر تیار کرنے میں مصروف ہیں، جو دماغی لہروں کی مدد سے موسیقی چلانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
ماہرین نے اس سافٹ ویئر کو ابتدائی شکل دے دی ہے، اور اس کے مختلف تجربات بھی کرلیے، مگر تاحال اسے حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔
ماہرین نے اس سافٹ ویئر کی مرگھی، نیند کی خرابی کی شکایات والے مریضوں اور دیگر دماغی امراض میں مبتلا افراد کے اوپر آزمائش بھی کی جو کامیاب ثابت ہوئی۔
ماہرین کو امید ہے کہ یہ سافٹ ویئر دماغی امراض میں مبتلا افراد کو سکون فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، اس سافٹ ویئر کی تیاری کا خاص مقصد بھی ایسے ہی افراد کو سہولیات فراہم کرنا ہے۔