بلاول کے ہاتھوں کراچی میں سڑک کا افتتاح
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمرا کراچی کے علاقے طارق روڈ پر زیرتعمیر سڑک کی تکمیل پر افتتاح کردیا۔
بلاول بھٹو نے اس موقع حکومت سندھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘انھوں نے زبردست کام کیا ہے اور انھوں نے اس سڑک کو مقررہ مدت سے قبل اس سڑک کو وسیع کیا اور اس کی تعمیر مکمل کی’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر اسی طرح کام ہوتا رہا تو حکومت کی نیک نامی ہوگی’۔
بلاول بھٹو نے شارع فیصل میں جاری کام کا بھی جائزہ لیا اور بلوچ کالونی انڈر پاس کےتوسیع شدہ حصے کا بھی افتتاح کردیا۔
وزیر بلدیات جام خان شورو نے چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 2کلومیٹر طویل طارق روڈ کی تزئین پر 56 کروڑ روپے لاگت آئی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بہتری پر 10 ارب روپے خرچ کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ طارق روڈ کی 30سال پرانی ڈرینج لائنیں تبدیل کر دی گئی ہیں جبکہ منزل پمپ پر فلائی اوور بنایا جا رہا ہے۔
کراچی میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی تفصیل بتاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بلوچ کالونی پر سڑک چوڑی، یونیورسٹی روڈ کو حسن اسکوائرسےصفورا تک بنایاجا رہا ہے، پنجاب کالونی اور ڈرگ روڈ پر انڈر پاس بنایاجا رہا ہے۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈرگ روڈ انڈرپاس کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔