• KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:47pm
  • LHR: Asr 4:34pm Maghrib 6:20pm
  • ISB: Asr 4:39pm Maghrib 6:26pm
  • KHI: Asr 5:03pm Maghrib 6:47pm
  • LHR: Asr 4:34pm Maghrib 6:20pm
  • ISB: Asr 4:39pm Maghrib 6:26pm

شہریار خان کا سرفراز کو ٹیسٹ کپتان بنانے کا عندیہ

شائع April 15, 2017
سرفرازاحمد کو ٹی ٹوئنٹی کے بعد ایک روزہ ٹیم کا بھی کپتان بنایا جاچکا ہے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
سرفرازاحمد کو ٹی ٹوئنٹی کے بعد ایک روزہ ٹیم کا بھی کپتان بنایا جاچکا ہے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ پر سرفراز احمد کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بنایا جاسکتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فاطمہ جناح ویمن کرکٹ چمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے درمیان انعامات کی تقسیم کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کا بہترین موقع ہے۔

شہریارخان نے مستقبل کے ٹیسٹ کپتان کے بارے میں کہنا تھا کہ مصباح الحق کی جانب سے ویسٹ انڈیز کے دورے کےبعد ریٹائرمنٹ کے اعلان کو مدنظر رکھتے ہوئے بورڈ بہت جلد کپتان کا اعلان کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ 'جب مصباح ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد ریٹائرہوں گے تو ہمیں نئے کپتان کا انتخاب کرنا ہے جو سرفراز احمد بھی ہوسکتے ہیں کیونکہ وہ ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان ہیں'۔

کپتان کے تقرر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے سے قبل ہم ہر پہلو کا جائزہ لیں گے'۔

اس موقع پر انھوں نے تجربہ کار بلےباز یونس خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں لیکن بورڈ نئے کپتان کی تلاش میں ہے اس لیے انھیں کپتان کے لیے نامزد نہیں کیا گیا۔

شہریارخان نے کہا کہ 'ہمیں یونس خان کا بڑا احترام ہے لیکن کپتانی مکمل طور پر ایک الگ معاملہ ہے کیونکہ یونس دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد ریٹائرہورہے ہیں جبکہ بورڈ کو مستقبل کے لیے دیکھنا ہے'۔

خیال رہے کہ یونس خان نے حال ہی میں کراچی میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کیا تھا اور انھوں نے واپسی کے سوال کو بھی رد کردیا تھا۔

ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی جانب سے فاسٹ باؤلر راحت علی کو ویسٹ انڈیز بھیجنے کی درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ 'مکی آرتھر نے راحت علی کے لیے کہا ہے لیکن حتمی فیصلہ قومی سلیکشن کمیٹی کرے گی'۔

کارٹون

کارٹون : 29 مارچ 2025
کارٹون : 28 مارچ 2025