• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

گوادر ایئرپورٹ روڈ پر دھماکا، 3 افراد زخمی

شائع April 12, 2017

بلوچستان کے شہر گوادر میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق بدھ کی شام پورٹ سٹی گوادر میں ایئرپورٹ روڈ پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں تین عام شہری زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوادر منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے ڈان کو بتایا کہ شدت پسندوں نے دیسی ساختہ بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کررکھا تھا جبکہ موٹر سائیکل سڑک کنارے کھڑی ہوئی تھے جس کے ذریعے عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک کے تحت گوادر پورٹ سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز

دھماکے کے نتیجے میں سڑک کے قریب واقع دکانوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔

دھماکے کے بعد گوادر شہر کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے گوادر میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے گوادر اور صوبے کی ترقی کو روکا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے جو بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناتے ہیں جبکہ دھماکے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹھہرے میں لایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ وہ جلد از جلد اس واقعے کی رپورٹ پیش کرے۔

خیال رہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تناظر میں گوادر کو مرکزی حیثیت حاصل ہے اور وہاں متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔

گزشتہ برس نومبر میں سی پیک کے تحت گوادر کی بندرگاہ سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا تھا جبکہ گوادر بندر گاہ سے سی پیک کے تحت پہلے پائلٹ ٹریڈ قافلے کو روانہ کرنے سے قبل پر وقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی تھی.

مزید پڑھیں: کوئٹہ میں تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام

تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف کے علاوہ اس وقت کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور مختلف ممالک کے سفراء بھی شریک ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ بلوچستان میں ایک دہائی سے زائد عرصے سے تشدد اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آرہے ہیں۔

رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ بلوچ علیحدگی پسندوں کی سورش کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، جہاں عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے منسلک اور فرقہ وارانہ طور پر ٹارگٹ کرنے والے دہشت گرد بھی کارروائیاں کرتے ہیں۔‘

بلوچستان کی سرحد افغانستان اور ایران سے ملتی ہے اور یہی وہ صوبہ ہے جہاں سے بھارتی خفیہ ایجنٹ کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا گیا تھا۔


کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024