• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

امارات کی پاکستان کو حلال مصنوعات کی ترسیل کی اجازت

شائع April 12, 2017

لاہور: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بذریعہ سمندر پاکستان سے امارات تک حلال مصنوعات کی ترسیل کی اجازت دے دی۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) میں چھٹی بین الاقوامی حلال کانفرنس میں غیر ملکی وفود اور مقامی کاروباری افراد سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی (پی ایچ ڈی اے) کے چیئرمین جسٹس (ر) خلیل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ترسیل کی اجازت ملنے کے بعد مال برداری کا کرایہ ایک تہائی فیصد تک کم ہوجائے گا۔

لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے ارکان بھی اس تقریب کا حصہ تھے۔

پی ایچ ڈی اے کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ مختلف ممالک اور منتظمین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کرنے میں مصروف ہے تاکہ اپنی تصدیق کے عمل پر ان کی رضامندی حاصل کرچکے۔

خلیل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان حلال اتھارٹی فعال ہے اور اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا پہلا اجلاس 13 اپریل کو ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی اے قصابوں کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کررہی ہے تاکہ انہیں لائسنس جاری کرنے سے پہلے شرعی ضروریات سے متعلق آگاہی فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس پر زور دیا کہ پنجاب حلال ڈویلپمنٹ ایجنسی اور چیمبر کے درمیان قریبی رابطے کے لیے فوکل پرسن کی تقرری کی جائے۔

چیئرمین خلیل الرحمٰن کے مطابق چھٹی بین الاقوامی حلال کانفرنس کے ذریعے ملک میں حلال کاروبار میں اضافہ ہوگا۔

اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کا کہنا تھا کہ حلال اشیاء اہم عالمی مارکیٹ کی شکل اختیار کرچکی ہیں تاہم اس میں پاکستان کا حصہ اب بھی بہت کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’وقت آگیا ہے کہ پاکستان غیرملکی امداد نہیں بلکہ اپنے حلال کھانوں کے محدود کام کو وسعت دے کر خود کو آگے لائے‘۔

خلیل الرحمٰن کا مزید کہنا تھا کہ حلال عالمی معیشت میں کھانے پینے کی اشیاء سے لے کر بینکنگ اور تکافل تک کا کام شامل ہے۔


یہ خبر 12 اپریل 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Apr 12, 2017 06:00pm
کیا اب بھی آپ کو ملک میں گوشت مہنگا ہونے کی سمجھ نہیں آئی۔ کچھ چیزیں تو عوام کے لیے چھوڑ دو۔ خیرخواہ

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024