پنجاب: سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد گرفتار
پنجاب پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ملتان اور سیالکوٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 9 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے تخریب کاری کی کارروائی کو ناکام بنا دیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملتان سویرہ چوک میں کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کا اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دہشت گرد ملتان میں بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے جسے سی ٹی ڈی نے ناکام بنا دیا جبکہ ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا اور ان کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرکے قانونی کاروائی بھی شروع کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: مال روڈ دھماکے کے سہولت کار سمیت 10 دہشتگرد ہلاک
علاوہ ازیں سی ٹی ڈی گجرانوالہ ٹیم نے سیالکوٹ میں کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ہونے والے تمام دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ گرفتار افراد نے دونوں شہروں میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، ہینڈ گرنیڈ اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی کی کارروائیاں
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں پنجاب میں سی ٹی ڈی نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں اور 8 اپریل کو لاہور کے قریب محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔
مزید پڑھیں: سکھر: کراچی ایئرپورٹ حملے میں ملوث 'دہشت گرد' مقابلے میں ہلاک
مناواں میں ہونے والی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کا سہولت کار بھی شامل تھا۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے زیرحراست دہشت گردوں سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر سکھر میں کارروائی کے دوران کراچی ایئرپورٹ اور سابق سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) چوہدری اسلم پر حملے سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مبینہ طور پر ملوث دہشت گرد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
30 مارچ کو سی ٹی ڈی نے گجرات میں مقابلے کے دوران 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔