• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

ڈیرہ غازی خان: دہشت گردوں سے مقابلہ، رینجرزاہلکار شہید

شائع April 9, 2017

رینجرز اور حساس اداروں نے ڈیرہ غازی خان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کےخلاف آپریشن کیا جہاں مقابلے کے دوران پانچ مبینہ دہشت گرد مارے گئے جبکہ رینجرز کا ایک اہلکار بھی شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب نے ردالفساد کے تحت خفیہ اطلاعات پر چھیرا کے علاقے تھل میں خصوصی آپریشن کیا اور آپریشن کے دوران 5 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 'دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک سپاہی کامران شہید ہوگیا جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز ہارون زخمی ہوگئے جنھیں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا'۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن رد الفساد: مظفر گڑھ میں 6 'دہشت گرد' ہلاک

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا کہ آپریشن رد الفساد کا سلسلہ جاری ہے جبکہ رینجرز اور حساس اداروں نے آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بھی پکڑا ہے۔

بعد ازاں شہید ہونے والے رینجرز اہلکار کی نماز جنازہ ملتان گیریژن میں ادا کردی گئی جس میں کور کمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار اور ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے بھی شرکت کی، شہید سپاہی کی تدفین آبائی علاقے جڑانوالہ میں کی جائے گی۔

ٓآئی ایس پی آر کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والے پانچ دہشت گردوں میں سے دو انتہائی مطلوب تھے۔

مزید پڑھیں: پاک فوج کا ملک بھر میں ’رد الفساد‘ آپریشن کا فیصلہ

ان میں سے ایک کا نام ذوالفقار عرف زلفی تھا جو 7 مقدمات میں مطلوب تھا جبکہ اس کے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے حیربیار مری گروپ کے ساتھ بھی قریبی تعلقات تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرے مطلوب دہشت گرد کا نام پیر بخش عرف پیرا تھا جو 15 مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کے سر پر 20 لاکھ روپے انعام بھی تھا۔

خیال رہے کہ پاک فوج نے ملک بھر میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی کے لیے آپریشن ردالفساد شروع کر رکھا ہے جس کے تحت ملک میں کارروائیاں کی جارہی ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024