• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

سلامتی کونسل اجلاس:امریکی میزائل حملے جارحیت قرار

شائع April 8, 2017
روس کے نائب سفیر ولادی میر سفکرونوف—فوٹو: اے ایف پی
روس کے نائب سفیر ولادی میر سفکرونوف—فوٹو: اے ایف پی

نیویارک: اقوام متحدہ (یو این) میں روس کے نائب سفیر ولادی میر سفکرونوف نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے شام میں کیے گئے میزائل حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور جارحیت ہیں۔

امریکا کی جانب سے شام کے الشعیرات ایئربیس پر 59 ٹام ہاک کروز کے 60 میزائل داغے گئے، جن میں کم سے کم 4 فوجی ہلاک ہوگئے۔

امریکا نے اس ایئربیس کو نشانہ بنایا جہاں سے 4 اپریل کو شامی شہریوں پر مہلک گیس سے حملہ کیا گیا تھا۔

امریکی میزائل حملوں کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں روسی نائب سفیر نے امریکا کے اقدامات کو جارحیت قرار دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی خبر میں بتایا کہ اقوام متحدہ میں روس کے نائب سفیر ولادی میر سفکرونوف نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں خطاب کے دوران شامی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو شروع سے ہی کھلے عام شام کی حمایت کرتا آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ حکومت کا شام پر پہلا حملہ

روسی نائب سفیر نے واضح کیا کہ ماسکو بشارالاسد کی حمایت جاری رکھے گا۔

ولادی میر سفکرونوف نے کہا کہ شام پر امریکی میزائل حملوں سے ثابت ہوتا ہے کہ امریکا نے حملوں کی تیاری پہلے سے کر رکھی تھی۔ انہوں نے امریکی میزائل حملوں کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور جارحیت قرار دیا۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں ہی اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے شام میں ہونے والے کیمیکل حملوں کی ذمہ دار شامی حکومت ہے، جب کہ بشار الاسد کو بچانے کے ذمہ دار روس، ترکی اور ایران ہیں۔

امریکی سفیر نکی ہیلی—فوٹو: اے ایف پی
امریکی سفیر نکی ہیلی—فوٹو: اے ایف پی

نکی ہیلی نے کہا کہ روس جان بوجھ کر شام میں کیمیکل ہتھیاروں کو ختم کرنے کی کوشش نہیں کر رہا، خیال کیا جا رہا ہے کہ ماسکو 2013 میں واشنگٹن کے ساتھ کیے گئے معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

امریکی سفیر نے بتایا کہ ممکن ہے کہ روس کی حکومت ماسکو کو یہ کہ کر بے وقوف بنا رہی ہو کہ ان کے پاس کوئی کیمیکل ہتھیار نہیں۔

نکی ہیلی نے کہا کہ دنیا شام میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے حوالے سے روس کا انتظار کر رہی ہے۔

علاوہ ازیں سلامتی کونسل کے اجلاس میں برطانیہ سمیت دیگر ممالک کے سفیروں نے بھی شام پر گفتگو کی۔

دوسری جانب عالمی برادری نے جہاں شام میں کیمیکل حملوں کی مذمت کی، وہیں دنیا کے مختلف ممالک نے شام پر امریکی میزائل حملوں کی بھی مذمت کی۔

امریکی میزائل حملے شام میں کیمیکل حملوں کے 4 دن بعد کیے گئے۔

شام کے قصبے ادلب میں 4 اپریل کو ہونے والے کیمیکل حملوں میں 20 بچوں سمیت 70 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں سے 22 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

سخن حق Apr 08, 2017 03:10pm
یہی امریکہ یمن، فلسطین اور کشمیر میں انسانوں کے قتل عام پر کیوں خاموش ہے !

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024