اسلام آباد کے داخلی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم ہونگی
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی کے لیے مزید اقدامات کی منظوری دے دی۔
چوہدری نثار نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مئی کے آخر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ریڈیو فریکوئنسی آئیڈینٹیفکیشن ڈیوائس (آر ایف آئی ڈی) نصب کردی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: مارگلہ پہاڑ کے ذریعے اسلام آباد پر حملے کا خطرہ
یہ فیصلہ چوہدری نثار کی سربراہی میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس کا مقصد مسافروں کے داخلے و اخراج کے عمل کو ہموار بنانا اور دارالحکومت کی سیکیورٹی میں اضافہ کرنا ہے۔
اجلاس میں سیکریٹری داخلہ، ایڈووکیٹ جنرل، چیف کمشنر اسلام آباد، چیئرمین نادرا،اسلام آباد پولیس، نمائندگان وزارت داخلہ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور کیپیٹل ڈویلمپنٹ اتھارٹی کےاعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
چوہدری نثار نے اس موقع پر چیئرمین نادرا کو ہدایت کی کہ آر ایف آئی ڈی سسٹم میں چہرے کو شناخت کرنے کی ٹیکنالوجی شامل کرنے کے لیے معاونت کریں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کی سیکیورٹی پاک فوج کے حوالے
انہوں نے کہا کہ آر ایف آئی ڈی ٹیگنگ سسٹم مسافروں کو متعد پولیس چیک پوائنٹس پر پیش آنے والی پریشانی سے نجات دلائے گا جبکہ اس کے ذریعے اسلام آباد پولیس اپنی افرادی قوت کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کے قابل بھی ہوسکے گی۔
وزیرداخلہ نے نادرا اور اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ وہ دو ہفتوں کے اندر شہریوں کو آر ایف آئی ڈی ٹیگز کے اجراء اور اس سسٹم پر آنے والے اخراجات کا جائزہ مکمل کیا جائے۔