• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

فرانسیسی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی

شائع April 5, 2017
فرانس کی 16 کمپنیاں، پاکستان کے دورے پر ہیں—فوٹو: پلاننگ کمیشن ٹویٹر
فرانس کی 16 کمپنیاں، پاکستان کے دورے پر ہیں—فوٹو: پلاننگ کمیشن ٹویٹر

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے فرانس کی درجن بھر سے زائد کمپنیوں کے نمائندوں نے پاکستان میں سرمایہ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

فرانسیسی سفیر کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرانس-پاکستان بزنس بزنس کونسل آف میڈیف انٹرنیشنل کے چیئرمین اور ٹوٹل گلوبل کے صدر ایم تھیری فلیملن نے کہا کہ 'پاکستان میں مالی صورت حال سازگار ہے اور گزشتہ تین برسوں میں سیکیورٹی کی صورت حال شاندار طریقے سے بہتر ہوئی ہے'۔

تھیری فلیملن، فرانس کی 16 کمپنیوں کے وفد کی رہنمائی کررہے ہیں جو 12 سال کے وقفے کے بعد 4 اپریل سے 6 اپریل کے دوران پاکستان کے دورے پر ہے۔

فرانسیسی کمپنیوں کے وفد کے رہنما کا کہنا تھا کہ 'ہم مخصوص شعبے زراعت، فوڈ پرسیسنگ، پن بجلی سمیت توانائی، الیکٹرونکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ایل این جی اسٹوریج اور گیس وغیرہ کو ہدف بنا چکے ہیں'۔

انھوں نے کہا کہ دورے کا مقصد پاکستان کو سمجھنا اور یہاں پر کاروباری مواقع دریافت کرنا ہے، پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یورپ بھی پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔

فرانسیسی کمپنیوں کو تین روزہ دورے میں پاکستان میں کاروباری ترجیحات کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا۔

خیال رہے کہ فرانسیسی کمپنیوں کا یہ دورہ ستمبر 2016 میں میڈیف ہیڈکوارٹر میں وزیرخزانہ اسحٰق ڈار اور نجکاری بورڈ (بی اوآئی) کے چیئرمین مفتاح اسماعیل کی فرانسیسی کمپنیوں سے ہونے والی ملاقات کا تسلسل ہے۔

تھیری فلیملن نے کہا کہ ان کی اور وفد کے دیگر افراد کی بی او آئی کے عہدیداروں اور پیٹرولیم، منصوبہ بندی، تجارت اور خوراک کی وزارتوں کے ساتھ 'بہت گہری اور فائدہ مند' گفتگو ہوئی ہے۔

انھوں نے پاکستان کے بہترین پروفیشنل اور تعلیم یافتہ افراد کی تعریف بھی کی۔

وفد نے صدر ممنون حسین سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی اسی طرح یہ وفد کراچی کا بھی دورہ کرے گا جہاں پاکستان بزنس کونسل کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔

فرانسیسی وفد نے اس سے قبل منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال سے بھی ملاقات کی اور انھوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ وہ تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال اور جس طرح سی پیک پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کررہا ہے، اسے آگاہ ہیں۔

وفاقی وزیر نے فرانسیسی کاروباری شخصیات کو ان موقعوں سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ انھیں پاکستان کے جدید صنعتی شعبے کے ساتھ بھی تعاون کرنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت، فرانس کے ساتھ کاروباری حجم کو بڑھانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

یہ خبر 5 اپریل 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024