• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

’برطانیہ نے الطاف حسین،بلوچ رہنماؤں کو ٹھکانہ فراہم کیا‘

شائع April 4, 2017

اسلام آباد: قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر خان جنجوعہ کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ برطانیہ ریاست کے بجائے شخصیات کو اہمیت دے رہا ہے۔

مشیر قومی سلامتی کے آفس سے جاری بیان کے مطابق ناصر جنجوعہ نے برطانوی پارلیمانی وفد سے ملاقات کے دوران یہ بات متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما الطاف حسین 13 بلوچ علیحدگی پسند رہنماؤں کو برطانیہ میں محفوظ پناہ دینے سے متعلق کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کو درپیش متعدد مسائل اور چیلنجز سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں الطاف حسین کی خود ساختہ جلاوطنی، پاکستان کے بھارت سے تعلقات اور کشمیر تنازع شامل تھے۔

مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان، برطانیہ سے اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کو کئی امور پر تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے انتہا پسندی کے خاتمے، مسلم دنیا میں تنازعات اور داعش کو کچلنے سے متعلق برطانیہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان خطے میں امن اور استحکام لانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔‘

بھارت کے حوالے سے ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ بھارتی رویہ سے علاقائی سلامتی کو خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔

برطانوی وفد کی سرتاج عزیز سے ملاقات

وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق برطانوی وفد نے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانوی وفد سے ملاقات میں سرتاج عزیز نے موجودہ حکومت کے چار سالوں میں انسداد دہشت گردی، اقتصادی ترقی اور جمہوری استحکام کے حوالے سے پاکستان کی پیشرفت پر روشنی ڈالی۔

برطانوی پارلیمانی وفد نے انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وفد نے بین الاقوامی امن اور سیکیورٹی کے علاوہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف کیا اور برطانیہ میں پاکستانی تارکین وطن کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔

مشیر خارجہ نے برطانوی وفد کو علاقائی امن اور روابط کو بڑھانے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

سرتاج عزیز نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی صورتحال اور موجودہ پاک بھارت تعلقات سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔

دفترخارجہ کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ کا وفد 2 سے 8 اپریل تک پاکستان کے دورے پر ہے۔

وفد میں حکمراں کنزرویٹو پارٹی کے اراکین پارلیمنٹ رحمٰن چشتی، نائیجل ہُڈلیسٹن، مارک پاؤسے، ہنری اسمتھ، میتھیو اوکسفورڈ اور رائیسٹن اسمتھ شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024