آئل ٹینکرز کی ہڑتال ختم،پیٹرول پمپس کھل گئے
اسلام آباد: وزارت پیٹرولیم سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول پمپ کھل گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق سیکریٹری پیٹرولیم اسد مرزا کی صدارت میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور حکومتی ٹیم میں مذاکرات ہوئے۔
مذاکرات میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے سیلز اینڈ سروسز ٹیکس وصولی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کی ہڑتال، کراچی میں پیٹرول نایاب
حکومت نے آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی، سیلز اینڈ سروسز ٹیکس وصول کرنے یا نہ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ 30 جون تک کیا جائے گا، لہٰذا ہڑتال ختم کی جائے۔
سیکریٹری پیٹرلیم اسد مرزا کی یقین دہانی کے بعد آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی۔
مذاکرات میں سیلز اینڈ سروسز ٹیکس وصول کرنے یا نہ کرنے سے متعلق لائحہ عمل تیار کرنے اور اس حوالے سے سفارشات دینے سے متعلق 10 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔
کمیٹی میں آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے 4 نمائندوں کو بھی شامل کیا گی ہےا۔
کامیاب مذاکرات کے بعد آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد کراچی سمیت ملک بھر میں پیٹرول پمپس کھل گئے۔
پیٹرول پمپس کے کھلتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد پیٹرول حاصل کرنے پہنچ گئی جس کے باعث کراچی کے تمام پیٹرول پمپس پر لمبی قطاریں لگ گئیں۔
یاد رہے کہ آئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے 4 دن قبل ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول پمپس کو پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی معطل کردی تھی۔
آئل ٹینکرز ایسوس ایشن نے وفاقی حکومت کی جانب سے سیلز اینڈ سروسز ٹیکس وصولی کے اعلان کے بعد ہڑتال کی تھی، جس کے بعد شہریوں کو پیٹرول حاصل کرنے میں مشکلات درپیش تھیں۔
آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مطابق وہ پہلے ہی سیلز اینڈ سروسز ٹیکس صوبائی حکومتوں کو دے رہے ہیں اور ایک ہی مد میں 2 بار ٹیکس ادا نہیں کرسکتے۔
آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کے باعث پیٹرول پمپس پر پیٹرول کی قلت پیدا ہوگئی تھی۔