رحیم یار خان: شوارما کھانے کے بعد 22 افراد کی حالت غیر
رحیم یار خان: پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں ایک مقامی دکان سے شوارما خرید کر کھانے والے 22 افراد بے ہوش ہوگئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کچھ لوگوں نے رحیم یار خان میں میپکو کمپلیکس کے مدمقابل کنال روڈ پر واقع ایک دکان سے شوارما خریدا اور جیسے ہی اسے کھایا تو انھیں قے شروع ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق ان افراد کو بے ہوشی کی حالت میں شیخ زید میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا گیا۔
مزید پڑھیں:کوہاٹ: زہریلی چائے پینے سے 34 طلبہ کی حالت غیر
شیخ زید ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام ربانی نے ڈان کو بتایا کہ 12 بچوں اور 4 خواتین سمیت 22 مریضوں کو فوڈ پوائزننگ کی شکایت کے ساتھ ایمرجنسی وارڈ لایا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مریضوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، جنھیں جلد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:صوابی: زہریلی بریانی سے 200 طلباء کی حالت غیر
ڈاکٹر غلام ربانی نے مزید کہا کہ ہسپتال کا عملہ اس بات کو جاننے کی کوشش کر رہا ہے کہ مریض فوڈ پوائزننگ کا شکار کیسے ہوئے۔
دوسری جانب سٹی اے ڈویژن پولیس نے شوارما فروخت کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کے چند رشتے داروں کو گرفتار کرلیا تاکہ ملزم کو خود کو پولیس کے حوالے کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔
یہ خبر 4 اپریل 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی