• KHI: Maghrib 5:57pm Isha 7:18pm
  • LHR: Maghrib 5:14pm Isha 6:40pm
  • ISB: Maghrib 5:14pm Isha 6:42pm
  • KHI: Maghrib 5:57pm Isha 7:18pm
  • LHR: Maghrib 5:14pm Isha 6:40pm
  • ISB: Maghrib 5:14pm Isha 6:42pm

'آرمی چیف سے ملاقات عمران خان کی خواہش تھی'

شائع April 4, 2017

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان نعیم الحق نے تصدیق کی ہے کہ گذشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات خود چیئرمین عمران خان کی اپنی خواہش تھی۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'نیوز آئی' میں گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ 'اس بات میں کوئی شک نہیں کہ عمران خان آرمی چیف سے ملنے کے خواہاں تھے، یہ ملاقات کافی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دہشت گردی سمیت پاک-افغان سرحد کی حالیہ بندش اور دیگر معاملات زیر بحث آئے'۔

تاہم انھوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا کہ عمران خان کی ملاقات کے پیچھے ان کا کوئی مقصد تھا، نعیم الحق کا کہنا تھا کہ جب پاک- افغان سرحد بند ہوئی تب ہی پی ٹی آئی چیئرمین نے آرمی چیف سے ملنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

مزید پڑھیں: آرمی چیف جنرل باجوہ سے عمران خان کی ملاقات

اس سوال پر کہ کیا اس ملاقات میں پاناما لیکس اور سپریم کورٹ کے متوقع فیصلے پر بھی تبادلہ خیال ہوا؟ نعیم الحق نے جواب دیا کہ اس حوالے سے صرف مختصر بات چیت ہوئی، لیکن کوئی تفصیلی گفتگو نہیں ہوئی اور نہ ہی ان کے پاس اس کی کوئی تفصیلات موجود ہیں۔

'نیشنل ایکشن پلان پر آرمی چیف سے ملنا سب کیلئے ضروری'

پروگرام میں موجود پی ٹی آئی کے ایک اور رہنما شہریار آفریدی نے واضح کیا کہ سرحدی معاملات اور فاٹا اصلاحات پر فوج کے ساتھ رابطے میں رہنا کوئی غلط بات نہیں، لہذا عمران خان کی ملاقات کو کسی اور زاویئے سے نہ دیکھا جائے۔

انھوں نے کہا ملکی حالات اور نیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں آرمی چیف سے ملاقات کرنا سب کیلئے ضروری ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے ماضی میں 'امپائر کی انگلی' کے تاثر کو بھی رَد کیا اور کہا کہ فوج کے سربراہ سے ملنے میں کسی کو بھی خوف نہیں ہونا چاہیئے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ لوگ اس ملاقات پر اتنا شور کیوں مچا رہے ہیں۔ عمران خان ایک قومی جماعت کے سربراہ ہیں اور ان کا آرمی چیف سے ملنا ایک سی عام بات ہے'۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ملاقات کی تھی جس کے بعد پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ آرمی چیف اور عمران خان کی ملاقات میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان

بیان میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے جنرل قمر جاید باجوہ کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ہونے والی ملاقات کے اگلے ہی روز چیئرمین عمران خان نے ایک تقریب کے دوران ’خوش خبری‘ سناتے ہوئے کہا تھا کہ آرمی چیف پاکستان میں جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

عمران خان نے آرمی چیف کی جانب سے جمہوریت کی حمایت کو اچھی خبر قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 6 جنوری 2025
کارٹون : 5 جنوری 2025