فنی خرابی: کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع
کراچی الیکٹرک (کے ای) کے گرڈ اسٹیشن میں فنی خرابی کے باعث صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی، جس وجہ سے عوام تذبذب کا شکار ہوگئے۔
کے الیکٹرک نے ٹوئٹ کی کہ گرڈ اسٹیشن میں خرابی کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی، تاہم بحالی کا کام فوری طور پر شروع کردیا گیا۔
کمپنی نے دعویٰ کیا کہ فوری طور پر مختلف علاقوں کی بجلی بحال کردی گئی، جب کہ باقی متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔
فنی خرابی کے باعث ڈفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کلفٹن، پی ای سی ایچ ایس، آئی آئی چندریگر روڈ اور برنس روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی منقطع ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بجلی منقطع ہونے کا دعویٰ کیا۔
بجلی منقطع ہونے کی وجہ سے جہاں گرمی کے باعث عوام تذبذب کا شکار رہے، وہیں اس کا اثر کاروبار پر بھی پڑا، اور کئی مارکیٹوں میں سناٹا چھایا رہا۔
دوسری جانب کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا کہ کلفٹن، ڈفینس اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی، جب کہ دیگر علاقوں میں بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشنز میں فنی خرابیاں معمول کی بات ہیں، آئے دن شہر کے مختلف علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کے باعث بجلی منقطع رہتی ہے۔
علاوہ ازیں شہریوں کے مطابق گرمیاں شروع ہوتے ہی اچانک لوڈ شیڈنگ میں بھی غیر اعلانیہ اضافہ کردیا گیا۔