• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

پاکستان نے چوتھا ٹی20 اور سیریز جیت لی

شائع April 2, 2017 اپ ڈیٹ April 3, 2017
حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے دو میڈن اوورز کرانے کے ساتھ ساتھ دو وکٹیں بھی حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے دو میڈن اوورز کرانے کے ساتھ ساتھ دو وکٹیں بھی حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو چوتھے ٹی20 میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز بھی 3-1 سے فتح حاصل کر لی۔

پورٹ آف اسپین میں کھیلے کھیلے گئے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کی تو ویسٹ انڈین اوپنرز نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور اوپنرز نے ٹیم کو 27 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ ایون لوئس کو عماد وسیم نے میدان بدر کیا لیکن چیڈول والٹن نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا۔

چار چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنانے والے بلے باز کی اننگز کا خاتمہ شاداب خان نے شعیب ملک کے کیچ کی مدد سے کیا۔

اس موقع پر پاکستانی باؤلرز خصوصاً حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کی اور ویسٹ انڈین باؤلرز کو رنز بنانے کا موقع فراہم نہ کیا جس کے دباؤ میں ویسٹ انڈین ٹیم یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتی رہی۔

مارلن سیمیولز 22، جیسن محمد ایک، لینڈل سمنز ایک، کیرون پولارڈ چار اور جیسن ہولڈر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

83 رنز پر سات وکٹیں گرنے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم کی سنچری بھی مکمل ہوتی نظر نہیں آ رہی تھی لیکن کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے 37 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو نسبتاً بہتر اسکور تک رسائی دلائی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے دو میڈن اوورز سمیت 12 رنز کے عوض دو وکٹیں لیں جبکہ شاداب خان نے دو وکٹیں لے کر سیریز میں اپنی وکٹوں کی تعداد دس کر لی۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پاکستان نے 40 رنز کا مثبت آغاز فراہم کیا، کامران اکمل 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

اس موقع پر احمد شہزاد کا ساتھ نبھانے بابر اعظم آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 70 رنز کی شراکت قائم کی اور پاکستان کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

احمد شہزاد نصف سنچری کی تکمیل کے فوراً بعد اپنی لیگ اسٹمپ محفوظ نہ رکھ سکے، انہوں نے ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوسکی اور وہ 38 رنز بنانے کے بعد میدان بدر ہوئے۔

تاہم پاکستان نے کامیابی کے ساتھ ہدف کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور ایک اوور قبل ہی ہدف تک رسائی حاصل کر کے میچ کے ساتھ ساتھ سیریز بھی 3-1 اپنے نام کر لی۔

اس سے قبل سیریز کے آخری ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے گزشتہ میچ کے برعکس ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے سہیل تنویر کی جگہ رومان رئیس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا جبکہ ویسٹ انڈیز نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں۔

میچ کیلئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ویسٹ انڈیز: کارلوس بریتھویٹ (کپتان)، ایون لوئس، چیڈوک والٹن، مارلن سیمیولز، لینڈل سمینز، کیرون پولاڈ، جیسن محمد، جیسن ہولڈر، سنیل نرائن، کیسرک ولیمز اور سیمیول بدری۔

پاکستان: سرفرازاحمد (کپتان)، احمد شہزاد، کامران اکمل، بابراعظم، فخر زمان، شعیب ملک، عماد وسیم، شاداب خان، رومان رئیس، وہاب ریاض، حسن علی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024