'آصف زرداری بھی کسی قطری کا بندوبست کرلیں'
تلہ گنگ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھی کسی 'قطری' کا بندوبست کرلیں کیوں کہ انہیں بھی اس کی ضرورت پڑنے والی ہے۔
انہوں نے آصف علی زرداری کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 'اگر آپ آئندہ انتخابات میں حصہ لینا چاہتے ہیں تو تیار رہیں کیوں کہ ہم آپ سے پوچھیں گے کہ سوئٹزرلینڈ میں موجود 7 ارب ڈالر کہا سے آئے پھر آپ کو بھی کسی قطری شہزادے کی ضرورت پڑے گی'۔
تلہ گنگ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب میں عمران خان نے پاناما کیس پر حکمراں جماعت اور وزیراعظم نواز شریف جبکہ کرپشن کے معاملے پر پیپلز پارٹی، آصف علی زرداری اور شرجیل میمن پر خوب تنقید کی۔
اپنے خطاب میں عمران خان نے سندھ حکومت پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو اس لیے عہدے سے ہٹایا کیوں کہ وہ غلط کام کرنے نہیں دے رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سردار عبدالمجید قائم مقام آئی جی سندھ مقرر
عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'آصف زرداری کے آنے کے بعد شرجیل میمن بھی پاکستان آگئے، شرجیل میمن پرپانچ ارب کی کرپشن کاالزام ہے، کرپشن کامطلب عوام کاپیسہ چوری کرنا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ ' خیبرپختونخوا کاپورا ترقیاتی بجٹ 113ارب روپے ہے اور صرف ڈاکٹر عاصم حسین پر 460ارب روپے کرپشن کا الزام ہے'۔
عمران خان نے کہا کہ 'ہم سب کو مل کر کرپشن کا مقابلہ کرنا ہوگا، وہ وقت دورنہیں جب پورے پاکستان میں سزا اور جزا کاقانون ہوگا، کرپشن کے خلاف ساری قوم کواکٹھا ہونا ہوگا'۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 'اقتدار میں آکر ایک فیکٹری سے 30 فیکٹریاں بنانے کوکرپشن کہتے ہیں، آج قوم کوسمجھ آگئی ہے کہ اصل مسئلہ کرپشن کاہے'۔
مزید پڑھیں: شرجیل میمن کی وطن آتے ہی گرفتاری و رہائی
انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ صوبہ خیبرپختونخوا کے کئی اداروں میں تبدیلیں لاچکے ہیں جبکہ اگر وہ حکومت میں آئے تو سندھ اورپنجاب کی پولیس بھی ٹھیک کردیں گے۔
عمران خان نے دعویٰ کیا کہ 'خیبرپختونخوا کی پولیس بین الاقوامی پولیس کامقابلہ کرتی ہے،خیبرپختونخوا پولیس میں میرٹ پربھرتیاں کیں، پولیس میں سے سیاسی مداخلت ختم کردی'۔
علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے بیان پر وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ' عمران خان اپنی نااہلی، کرپشن اور جھوٹ چھپانے کیلئے رونا شروع کر دیتے ہیں، عمران خان کا مقصد ملک میں انتشار اور فساد پھیلانا ہے'۔
یہ بھی پڑھیں: پاناما کیس کی سماعت مکمل، فیصلہ محفوظ
انہوں نے مزید کہا کہ 'عمران خان سے جواب مانگیں تو اداروں کی تضحیک کرتے ہیں،عمران خان کا سب سے بڑا مسئلہ پاکستان کی ترقی ہے'۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 'عمران خان جتنے بھی الزام لگائیں،جتنا روئیں لیکن 2018 میں عوام کو جواب دینا ہوگا'۔
انہوں نے کہا کہ 'عمران خان صاحب!عوام پوچھ رہے ہیں کہ کے پی کے میں ساڑھے 3 سال درخت لگانے کے علاوہ اور کیا کام کیا؟'