ممکن ہے آپ کو آج کوئی خوشخبری سنائے . . .
ویسے یہ ناممکن بات ہے، لیکن یہ ہو بھی سکتا ہے کہ کوئی آپ کو یہ 'خوشخبری' سنائے کہ آپ کی خریدی گئی لاٹری میں سے گاڑی نکل آئی ہے (یہ الگ بحث ہے کہ اس بات کا خیال آپ کو کافی دیر بعد آئے گا کہ آپ نے تو کوئی لاٹری خریدی ہی نہیں تھی)۔
اس بات کا بھی امکان ہے کہ کوئی دوست دوسرے دوست کو 'چند لمحوں کی خوشی' عطا کرنے کے لیے یہ اطلاع دے کہ دفتر کی انتظامیہ نے تنخواہ میں ایک دم 3 گنا اضافہ کر دیا ہے اور اب آج سے وہ 20 ہزار نہیں 60 ہزار روپے تنخواہ وصول کریں گے۔
ویسے یہ 'خوشخبری' سننے والے کو پورا پورا یقین ہوگا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ اچانک اتنی بڑی لاٹری لگ جائے یا دفتر کی انتظامیہ اس قدر مہربان ہوجائے کی ضرورت کے مطابق تنخواہ دینے لگے، گستاخی معاف!
اسی طرح اگر آپ کو اپنے دوست کا فون آئے اور وہ روتے ہوئے کہے کہ اسے ابھی ابھی چیک اپ کروانے کے بعد پتہ چلا کہ اسے دل کا عارضہ ہے، تو اس کے مگرمچھ کے آنسوؤں پر نہ جائیے گا، بلکہ پہلے اپنے موبائل فون یا کیلنڈر میں آج کی تاریخ دیکھ لیجیے گا اور پھر آج کے دن کی اہمیت کو نظر میں رکھ کر فیصلہ کیجیے گا۔
یہ بھی ہوسکتا ہے کہ آپ کا کوئی جاننے والا آج آپ کو کوئی ایسی حیران کن خوشخبری سنادے جسے سننے کے لیے کئی سال سے آپ کے کان ترس رہے ہوں، مگر پھر اچانک آپ کو پتہ چلے کہ یہ سب مذاق تھا تو اپنے دوست سے خفا ہونے کے بجائے آج کے دن کی مناسبت کو سمجھ لیجیے گا۔
ارے بھئی، آج یکم اپریل ہے اور ہر سال اس تاریخ کو دنیا بھر میں ’اپریل فول‘ منایا جاتا ہے، اس دن ہر کوئی اپنے قریبی دوستوں اور چاہنے والوں کو الٹی سیدھی خبریں سنا کر انہیں بے وقوف بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔
بہت لوگوں کے ساتھ ایسا بھی ہوتا ہے کہ اگر یکم اپریل کو انہیں کوئی سچی بات بھی بتائی جائے تو انہیں گمان ہوتا ہے کہ کوئی انہیں بے وقوف بنا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اپریل فول کا مذاق گوگل کو بھاری پڑگیا
اکثر لوگ اپنی محبت کے اظہار کے لیے بھی یکم اپریل کا سہارا لیتے ہیں، کیوں کہ ان کا خیال ہوتا ہے کہ اگر سامنے والے شخص نے ان کے اقرار محبت پر اعتراض بھی کیا تو وہ کہہ دیں گے کہ وہ تو 'اپریل فول' منا رہے تھے۔
لیکن بہت سارے لوگ یکم اپریل کے دن اظہار محبت کرنے کی وجہ سے مصیبت میں بھی پھنس جاتے ہیں، انہیں اپنے ساتھی کو کئی بار قسمیں کھا کر اور نہ جانے کتنے سال تک بار بار یہ یقین دلانا پڑتا ہے کہ وہ مذاق نہیں کر رہے بلکہ حقیقی معنوں میں ان سے محبت کرتے ہیں، مگر پھر بھی ان کے ساتھی ہمیشہ انہیں شک اور مذاق کی نظر سے دیکھتے رہتے ہیں۔
اس بار پاکستان سمیت دنیا کے بہت سارے ممالک میں یکم اپریل ہفتے یعنی چھٹی کے دن (ہر ایک کی نہیں ہوگی) کے موقع پر آیا ہے، اس لیے خیال کیا جا رہا ہے کہ اس مرتبہ بہت سارے لوگ ایک دوسرے کو بے وقوف بنائیں گے۔
اس لیے آج اگر آپ کو کوئی بھی ایسی بات کہے جو آپ کے وہم و گمان میں بھی نہ ہو تو اس پر عمل کرنے سے قبل تھوڑا سا سوچیے گا ضرور۔
اپریل فول کو صرف لوگوں کو بے وقوف بنانے کے لیے نہیں منایا جاتا بلکہ اس کا ایک مقصد مصروف اور بوریت بھری زندگی میں کچھ مسکراہٹیں بکھیرنا بھی ہوتا ہے، بہت سارے نوجوان اس دن کو اپنے رشتوں کو مزید دوستانہ بنانے کی غرض سے بھی مناتے ہیں۔
مذاق کرنا اور مسکراہٹیں بکھیرنا اچھا عمل ہے، مگر اس دوران یہ خیال رکھا جائے کہ مذاق مذاق میں کوئی بڑا نقصان نہ ہوجائے۔