سب سے بہترین مائیکرو سافٹ فون سامنے آگیا
مائیکرو سافٹ کا ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے ذریعے اسمارٹ فون مارکیٹ کو جیتنے کا خواب تو پورا نہیں ہوسکا تاہم اب وہ نئے انداز سے اسے پورا کرنے کی کوشش کرنے والی ہے۔
جی ہاں مائیکرو سافٹ نے اب سام سنگ سے شراکت داری کی ہے اور اس جنوبی کورین کمپنی کے فونز کو اب اپنی ایپس سے سجا کر پیش کرنے والی ہے اور اس سلسلے میں پہلا فون کوئی اور نہیں گلیکسی ایس 8 ہے۔
اس کی قیمت وہی 750 سے 850 ڈالرز ہے جس میں ہارڈ وئیر اور اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم ہی دیا گیا ہے مگر اس میں چند مائیکرو سافٹ ایپس کو شامل کرکے امریکی کمپنی نے مائیکرو سافٹ ایڈیشن قرار دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق 21 اپریل سے صارفین اس خصوصی گلیکسی ایس 8 کو خرید سکیں گے اور وائی فائی پر کنکٹ کرنے پر اس میں مائیکرو سافٹ کی موجودہ اینڈرائیڈ ایپس جیسے آفس، لنکڈن، ون ڈرائیو، کورٹانا ورچوئل اسسٹنٹ، اسکائپ اور دیگر انسٹال ہوجائیں گی۔
سام سنگ نے گلیکسی ایس ایٹ کو اپنا سب سے طاقتور اور آئی فون کی حکمرانی ختم کرنے کے 'خواب' کی تعبیر قرار دیا ہے۔
مگر اس اسپیشل ایڈیشن کے ذریعے یہ اس وقت مارکیٹ میں دسیتاب سب سے بہترین مائیکرو سافٹ فون بھی بن جائے گا، کم از کم اس وقت تک جب تک یہ کمپنی اپنا سرفیس فون متعارف کرانے کا فیصلہ نہیں کرلیتی جس کے بارے میں افواہیں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ گلیکسی ایس ایٹ کو ایک ڈوک کے ذریعے کسی ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر کی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے جسے مائیکروسافٹ کے ونڈوز 10 موبائلز میں کونٹینیم کا نام دیا گیا تھا، مگر سام سنگ کے فون کا یہ فیچر امریکی کمپنی سے بہت زیادہ بہتر ہے۔
مائیکرو سافٹ سام سنگ فون کے ذریعے اپنی ایپس کو مقبولیت دلانے کی حکمت عملی پر کام کررہا ہے۔
سام سنگ اور مائیکرو سافٹ کے باہمی تعلقات بھی کافی اچھے ہیں تاہم گلیکسی ایس 8 کا یہ خصوصی ایڈیشن صرف مائیکرو سافٹ اسٹورز میں دستیاب ہوگا۔