پنجاب کے بعد پشاور میں طلبہ تنظیموں میں تصادم
پشاور : پنجاب کے بعد صوبہ خیبرپختونخوا کی اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں بھی پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن (پی ایس ایف) اور اسلامی جمعیت طلبہ (آئی جے ٹی) کے درمیان تصادم کا واقعہ سامنے آیا ہے جس کے نتیجے میں 2 طلبہ زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں پختون اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور اسلامی جمعیت طلبہ کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں دو طالب علم زخمی ہوگئے۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث 12 طلبہ کو گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی کیپمس سیف اللہ نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ مزید طلبہ کی گرفتاریوں کے لیے کارروائی کی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب یونیورسٹی: طلبہ تنظیموں میں تصادم، 5طلبہ زخمی
انہوں نے بتایا کہ تصادم کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری یونیورسٹی پہنچ گئی تھی جبکہ زخمی ہونے والے دو طالب علموں کو خیبر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں تصادم کی وجہ پنجاب یونیورسٹی میں ہونے والے دو طلبہ تنظیموں کے درمیان جھگڑے کا تسلسل ہوسکتا ہے۔
جبکہ عینی شاہدین اور موقع پر موجود طلبہ کا کہنا ہے کہ 'لڑکی سے بات کرنے اور مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کی وجہ سے جھگڑا ہوا'۔
موقع پر موجود ایک طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان نیوز کو بتایا کہ 'پی ایس ایف کا ایک رکن یونیورسٹی کی طالبہ کے ساتھ چلتے ہوئے باتیں کررہا تھا کہ اسے اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے روک لیا اور اس سے اس کی شناخت اور لڑکی سے تعلق کے بارے میں پوچھنے لگے'۔
طالب علم نے بتایا کہ چند ہی منٹوں میں پی ایس ایف کے کارکنان بھی وہاں پہنچ گئے اور پھر دونوں تنظیموں کے درمیان تصادم شروع ہوگیا۔
اس سلسلے میں یونیورسٹی انتظامیہ سے موقف جاننے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 21 مارچ کو پنجاب یونیورسٹی میں ثقافتی پروگرام کے دوران طلبہ کے 2 گروہوں میں ہونے والے تصادم میں 5 طالب علم زخمی ہوگئے تھے۔
جامعہ پنجاب میں طلبہ کے ایک گروپ کی جانب سے ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا جبکہ تقریب کے دوران دوسری تنظیم کے طالب علموں نے دھاوا بولتے ہوئے ڈنڈے اور پتھر برسانے کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔
یہ تصادم بھی اسلامی جمیعت طلبہ اور پی ایس ایف کے طلبہ کے درمیان ہوا تھا جس کے نتیجے میں 7 طلبہ زخمی ہوگئے تھے۔
تصادم کے 4 روز بعد جامعہ پنجاب میں حالات معمول پر آنے کے بعد کلاسوں کا آغاز کیا گیا تھا۔
تبصرے (2) بند ہیں