رونالڈو نے میسی کو مات دے دی
عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو میں گول کرنے اور ایوارڈ جیتنے کی جنگ ایک عرصے سے جاری ہے لیکن کمائی کی دوڑ میں کرسٹیانو رونالڈو نے واضح مارجن سے میسی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
دنیائے اسپورٹس اور فٹبال کے امیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل لیونل میسی اور کرسٹیانو رونالڈو کے کھیل اور گول کی بات کی جائے تو شاید فیصلہ کسی منطقی انجام تک نہ پہنچ سکے لیکن کمانے کی دوڑ میں 2017 میں رونالڈو نے تمام فٹبالر کو مات دے دی۔
فرانسیسی میگزین کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو نے 2017 میں 95 ملین ڈالرز کمائے۔
ان کے مقابلے میں بارسلونا اور ارجنٹینا کے فٹبال کنگ لیونل میسی 83 ملین ڈالر کمانے میں کامیاب رہے اور اس فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے۔ فہرست میں تیسرا نمبر برازیل کے نامور اسٹار نیمار کا ہے جنہوں نے 2017 میں 60 ملین ڈالرز کی کمائی کی۔
ویلز اور ریال میڈرڈ کے گیراتھ بیل نے 44.5 ملین اور ارجنٹینا کے لویزی نے 31 ملین ڈالرز کمائے اور اس فہرست میں بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔
کوچنگ کی بات کی جائے تو مانچسٹر یونائیٹڈ کے کوچ ہوزے مورینیو 30 ملین ڈالرز سے زائد آمدنی کے ساتھ فہرست میں سب سے اوپر نظر آتے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر مارسیلو لپی ہیں جو چین میں 25.5 ملین ڈالر کما رہے ہیں۔
فہرست میں تیسرے نمبر پر پی ایس جی کے سابق منیجر لارینٹ بلینک ہیں جنہوں نے 21 ملین ڈالرز سے زائد کی آمدنی کی۔
کوچز میں سب سے زیادہ کمانے والوں میں کارلو اینسے لوٹی چوتھے اور پیپ گارڈیولا پانچیں نمبر پر موجود ہیں۔