سیما کامل کسی بڑے پاکستانی بینک کی پہلی خاتون سربراہ
یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) نے سیما کامل کو بینک کا نیا صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
سیما کامل سبکدوش ہونے والے سی ای او وجاہت حسین کی جگہ یہ ذمہ داریاں نبھائیں گی۔
یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کا ’ٹائیر آئی کیپیٹل‘ کی فہرست میں پاکستان کے بڑے بینکوں میں شمار ہوتا ہے۔
اس وقت سیما کامل یو بی ایل میں بطور نائب سی ای او فرائض انجام دے رہی ہیں، جبکہ وہ بینک صدر و سی ای او کی ذمہ داریاں 31 مئی کو وجاہت حسین کے سبکدوش ہونے کے بعد نبھائیں گی۔
حال ہی میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کا حصہ بننے والی سیما کامل اس سے قبل حبیب بینک لمیٹڈ (ایچ بی ایل) میں 2011 سے برانچ بینکنگ کی سربراہ تھیں اور ایچ بی ایل کے برانچ نیٹ ورک کے ایک بڑی توسیع کی نگرانی کرتی رہیں۔
سیما کامل حبیب بینک لمیٹڈ میں ریٹیل، کَنسیومَر، چھوٹی و درمیانی انٹرپرائز (ایس ایم ای) اور دیہی بینکنگ کے حوالے سے ذمہ داریاں نبھاتی رہیں، جبکہ ’ایچ بی ایل ایسِٹ منیجمنٹ کمپنی لمیٹڈ‘ کے سربراہ کے طور پر بینک کے ویلتھ مینجمنٹ ڈویژن کی بھی سربراہی کرتی رہیں۔
سیما کامل نے برطانیہ کی کِنگسٹَن یونیورسٹی سے بزنس اور لندن کی سٹی یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی۔
وہ مائیکرو فائننس انڈسٹری میں ’فرسٹ مائیکرو فائننس بینک‘ میں بطور ڈائریکٹر بھی چند سالوں تک منسلک رہیں۔
تعلیم سے اپنے خصوصی لگاؤ کے باعث سیما کامل نے کراچی گرامر اسکول کے بورڈ آف گورنرز اور نوٹر ڈیم انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کے بورڈ کی سربراہی کی۔
انہیں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہے، جن میں اَمیرکن ایکسپریس، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک اور فائننشل سروسز کمپنی شامل ہیں۔