چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے تنخواہ اور مراعات پبلک کردیں
لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید منصور علی شاہ نے اپنی تنخواہ اور مراعات پبلک کرتے ہوئے پنجاب کے شفافیت و معلومات کی عوامی رسائی ایکٹ برائے 2013 کے تحت پبلک انفارمیشن افسر تعینات کردیا۔
لاہور ہائی کورٹ کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیف جسٹس منصور علی شاہ ماہانہ 10 لاکھ 53 ہزار 800 روپے تنخواہ وصول کرتے ہیں۔
اس تنخواہ میں ان کی بنیادی تنخواہ 7 لاکھ 13 ہزار 280 روپے، خصوصی جوڈیشل الاؤنس 2 لاکھ 69 ہزار 525 روپے، جبکہ 67 ہزار 733 روپے کا میڈیکل الاؤنس شامل ہے۔
چیف جسٹس چونکہ سرکاری گھر میں رہتے ہیں لہذا وہ گھر کے کرائے کے لیے مختص 65 ہزار روپے وصول نہیں کرتے۔
یہ تمام معلومات پنجاب کے اطلاعات کمیشن کو بھی بھجوائی گئی ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی رجسٹرار شہباز اشرف کو عدالت میں عوامی معلومات کا افسر مقرر کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل پنجاب انفارمیشن کمیشن نے لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ درخواست گزار کو چیف جسٹس کی ماہانہ تنخواہ اور ان کی حاصل دیگر مراعات سے متعلق معلومات فراہم کرے۔
یہ خبر 25 مارچ 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔