• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

ایل او سی:’شرپسندوں کی موجودگی کے بھارتی پروپیگنڈے سے آگاہ ہیں‘

شائع March 24, 2017
آرمی چیف ایل او سی پر فوجی جوانوں سے ملاقات کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر
آرمی چیف ایل او سی پر فوجی جوانوں سے ملاقات کر رہے ہیں — فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے لائن آف کنٹرول کے آس پاس شرپسندوں کی موجودگی کے پروپیگنڈے سے آگاہ ہیں، جس کا مقصد آزاد جموں و کشمیر میں بےچینی پھیلانا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کے کیل سیکٹر اور شاردہ میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔

جنرل آفیسر کمانڈنگ مری میجر جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کو ایل او سی کی صورتحال اور حالیہ چند ماہ میں بھارت کی جانب سے سیز فائرہ معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی۔

آرمی چیف کو مقامی آبادی میں مردم شماری میں پاک فوج کی مدد حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

جنرل قمر باجوہ نے آپریشنل تیاریوں اور بھارتی فورسز کو منہ توڑ جواب دینے پر جوانوں کو سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ایل او سی کے آس پاس شرپسندوں کی موجودگی کے پروپیگنڈے سے آگاہ ہیں، جس کا مقصد آزاد جموں و کشمیر میں بےچینی پھیلانا ہے تاہم اس کا یہ پروپیگنڈا کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کی ظلم و بربریت اور بھارتی ایجنڈے سے بخوبی آگاہ ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج ایل او سی کے اطراف اپنے شہریوں کے تحفظ و سلامتی کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے علاقے میں ترقیاتی کام کو جاری رکھنے کے لیے کشمیر کی حکومت سے تعاون کی بھی ہدایت کی۔

قبل ازیں لائن آف کنٹرول پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے ان کا استقبال کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024