• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

اسپاٹ فکسنگ سماعت: شرجیل پر باضابطہ الزامات عائد

شائع March 24, 2017

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شرجیل خان اور خالد لطیف سے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل)2017 میں مبینہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے معاملے پر تفتیش کے لیے تشکیل تین رکنی ٹریبیونل نے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ابتدائی سماعت کی جہاں شرجیل خان کے خلاف الزامات پر بحث ہوئی۔

پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کی ابتدائی سماعت کے موقع پر ٹریبیونل کے سربراہ جسٹس اصغر حیدر، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) توقیر ضیاء، وسیم باری، پی سی بی لیگل افیئرز کے جنرل مینیجر سلمان نصیر، پی سی بی کے ویجلینس اینڈ سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ کے ہیڈ کرنل محمد اعظم، پی سی بی کے لیگل ایڈوائزر تفضل رضوی اور ایڈووکیٹ حیدر علی خان موجود تھے۔

سماعت کے دوران کرکٹر شرجیل خان اپنے وکیل ایڈووکیٹ شیگان اعجاز کے ہمراہ پیش ہوئے۔

پی سی بی کے وکیل نے شرجیل خان کے خلاف الزمات پڑھ کر سنائے، جن میں اینٹی کرپشن کوڈ برائے 2015 کی شق 2.1.1، 2.1.2، 2.1.3، 2.4.4 اور 2.4.5 کی خلاف ورزی شامل ہے۔

ابتدائی سماعت کے بعد اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل کرکٹر شرجیل خان کے خلاف کیس کی سماعت 14 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔

مزید پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل: 24 مارچ سے سماعت کا آغاز

دوسری جانب خالد لطیف طبیعت ناساز ہونے کی بناء پر ٹریبونل کے سامنے پیش نہ ہوسکے اور انھوں نے اگلی سماعت تک کے لیے استثنیٰ کی درخواست دے دی، جسے منظور کرتے ہوئے ٹریبونل نے ان کے خلاف کیس کی سماعت 31 مارچ تک کے لیے ملتوی کردی۔

شرجیل خان کو اپنے دفاع میں 5 مئی سے موقف دینے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ 15 مئی کو دونوں کرکٹرز کے خلاف حتمی سماعت شروع ہوگی۔

ٹریبونل کے سرکاری اعلامیے کے مطابق سماعت طویل ہوئی تو 15 مئی کے بعد روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: اسپاٹ فکسنگ کیس میں ناصر جمشید کے گرد گھیرا تنگ

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے اوائل میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کے پہلے ہی میچ کے بعد اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل نے سر اٹھایا تھا جس کے بعد پی سی بی نے کرپشن میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر 10 فروری کو شرجیل خان اور خالد لطیف کو فوری طور پر معطل کردیا تھا۔

بعدازاں ناصر جمشید، فاسٹ باؤلر محمد عرفان اور بلے باز شاہ زیب حسن کو بھی عبوری طور پر معطل کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسپاٹ فکسنگ: 5 کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

گذشتہ دنوں وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث تمام کرکٹرز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دیتے ہوئے بکیز کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا تھا۔

ای سی ایل میں جن کھلاڑیوں کے نام ڈالے گئے ان میں شرجیل خان، خالد لطیف، ناصر جمشید، شاہ زیب حسن خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024