• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

یوم پاکستان : ’23مارچ تاریخ کا ناقابلِ فراموش دن‘

شائع March 23, 2017

اسلام آباد: ملک بھر میں 77 ویں یوم پاکستان کے موقع پر چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

ملک بھر میں اس عزم کی تجدید کے ساتھ تقریبات ترتیب دی گئیں کہ انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کوشکست دے کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے پوری لگن سے کام کیا جائے گا۔

یوم پاکستان کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد مسجدوں میں ملک کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

یوم پاکستان پر سب سے بڑے شہر کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور راولپنڈی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جب کہ اس موقع سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

آج سے 77 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

پاکستان میں حکومتی سطح پر ہر سال 23 مارچ کو تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، جب کہ فوجی پریڈ کو تقریبات میں منفرد اہمیت حاصل ہے۔

یوم پاکستان کی پر وقار تقریب اور فوجی پریڈ

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی دارالحکومت میں شکر پڑیاں کے مقام پر شاندار رایتی فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے چاک و چوبند دستوں، رینجرز، پولیس اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ثقافتی دستوں نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

فوجی پریڈ میں سب سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پہنچے، جنہوں نے دیگر مہمانوں کے ساتھ وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نواز شریف اور وزیر دفاع خواجہ آصف اسٹیج پر صدر ممنون حسین کے منتظر ہیں— اے ایف پی
وزیراعظم نواز شریف اور وزیر دفاع خواجہ آصف اسٹیج پر صدر ممنون حسین کے منتظر ہیں— اے ایف پی

تقریب کی مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین تھے، جب کہ تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،سمیت مسلح افواج کے سربران، وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت اراکین پارلیمان اور دیگر رہنما اور مہمان شریک ہوئے۔

چینی و سعودی فوجی دستوں کا مارچ پاسٹ

سعودی فوجی دستہ مارچ پاسٹ کررہا ہے — ڈان نیوز
سعودی فوجی دستہ مارچ پاسٹ کررہا ہے — ڈان نیوز

یوم پاکستان کے موقع پر سعودی عرب اسپیشل فورسز اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے خصوصی دستوں نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔

چینی فوجی دستے نے بھی مارچ پاسٹ میں حصہ لیا

ترک ملٹری بینڈ ’مہتر‘ نے بھی پریڈ میں شرکت کی اور ’جیوے جیوے پاکستان‘ سمیت مختلف ملی نغموں کی دھنیں بجائیں۔

ترک ملٹری بینڈ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا

ممنون حسین کی صدارتی بَگھی پر آمد

پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بَگھی پر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوار ہوکر مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔

ایئر چیف مارشل کا شاندار فلائی پاسٹ

ایئر چیف مارشل سہیل امان نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی دی۔

سہیل امان نے ایف 16 طیارہ میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

ایئر چیف مارشل کی جانب فلائی پاسٹ کے بعد پاک فضائیہ کے جے ایف تھنڈر طیاروں نے بھی شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔

صدر مملکت کا فوجی پریڈ سے خطاب

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

صدر مملکت نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے پر امن دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، مگر بھارت کی جارحیت نے خطے کے امن کو داؤ پر لگادیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خطے میں امن اور ترقی کے لیے مذاکرات کے لیے تیار ہے، مگر ساتھ ہی پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان گزشتہ کئی سال سے دہشت گردی کے خلاف لڑ رہا ہے، پاک فوج اور عسکری و سیکیورٹی اداروں کی کوششوں سے امن کا قیام ممکن ہوا۔

صدر نے کہا کہ پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے، ہمارا مقصد علاقائی اور عالمی امن کو یقینی بنانا ہے۔

صدر مملکت نے یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت پر چین، ترکی اور سعودی عرب کے فوجی دستوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے فوجی دستوں کو بھیجنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

الخالد اور الضرار ٹینک کی آمد

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

پریڈ کے دستے میں مین بیٹل ٹینک الخالد اور الضرار بھی شامل تھے۔

الخالد ٹینک کیمیائی اور ایٹمی حملے سے بچنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جب کہ الضرار ٹینک بھی جدید ترین ٹینکوں میں شمار ہوتا ہے۔

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

پریڈ کے دوران ریڈارز، ٹینکس اور فوجی انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سے منسلک دیگر جدید روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کو بھی پیش کیا گیا۔

ساٹھ کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے نصر میزائل،900 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے شاہین میزائل، 1300 کلو میٹر تک روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنانے والے غوری میزائل سمیت کروز میزائل بابر اوردیگر جدید میزائل بھی پیش کیے گئے۔

انتہائی درستدگی کے ساتھ روایتی اور غیر روایتی ہتھیاروں کے ذریعے دشمن کو 2700 کلو میٹر تک نشانہ بنانے والے شاہین تھری میزائل کو بھی پیش کیا گیا۔

چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافتی پریڈ

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

یوم پاکستان کی روایتی پریڈ کے دوران ملک کے چاروں صوبوں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی روایتی ثقافتی پریڈ بھی پیش کی گئی۔

چاروں صوبوں کی جانب سے پیش کی جانے والی ثقافتی پریڈ میں جہاں علاقائی ثقافت کو پیش کیا گیا، وہیں صوبے کے مشہور اور تاریخی جگہوں کے ماڈل بھی پیش کیے گئے۔

آرمی ایوی ایشن کا فلائی پاسٹ

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

آرمی ایوی ایشن کی جانب سے کیے گئے فلائی پاسٹ مارچ میں کوبرا، پوما، فینک اور ایم آئی 17سمیت 19ہیلی کاپٹرز نے حصہ لیا۔

فلائی پاسٹ مارچ کے دوران سب سے پہلے دن اور رات کے درمیان یکساں طور پر آپریشن کے لیے مفید کوبرا ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فلائی پاسٹ کیا گیا۔

خیال رہے کہ کوبرا ہیلی کاپٹرز کا آپریشن ضرب راہ راست اور ضرب عضب میں خاص کردار تھا۔

اس کے بعد ’فینک‘ ہیلی کاپٹرز کی جانب سے فلائی پاسٹ پیش کیا گیا، یہ ہیلی کاپٹرز فوج کی جانب سے فوری نقل و حرکت اور آپریشن کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔

آخر میں ایم آئی 17 ہیلی کاپٹرز کی جانب سے بھی فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا گیا۔

پاک فضائیہ کا شاندار فضائی مظاہرہ

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

پریڈ کے دوران پاک فضائیہ کے شیردل فارمیشن نے دلکش فضائی مظاہرہ کرکے حاضرین کے دل جیتے۔

مظاہرے کے دوران پاک فضائیہ کے طیاروں نے فضائوں میں لہراتے ہوئے رنگ بکھیرے اور پریڈ اوینیو سے باہر اور ہزاروں کلو میٹرز کی بلندی تک مظاہرہ کیا۔

شیر دل فارمیشن کے فضائی مظاہرے میں 6 طیارے شامل تھے، جنہوں نے ایک ساتھ اور علیحدہ علیحدہ آسمان کی بلندیوں میں مظاہرہ کیا۔

تقریب میں پاک فضائیہ کے ایف سولہ اور پاک-چین دوستی کے شاہکار جے ایف 17 تھنڈر نے بھی شاندار مظاہرہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے نغمے پر بچوں کی پرفارمنس

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے تیار کردہ نغمے پر اسکول کے بچوں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے شائقین کے دل جیتے۔

بچوں نے پرفارمنس کے دوران چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر سمیت گلگت بلتستان کے ثقافتی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے۔

23 مارچ ہماری تاریخ کاناقابل فراموش دن: وزیر اعظم

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا پاکستان جمہوری ہے جہاں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہے, اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے اور ترقی یافتہ مملکت بنائے.

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے لیے پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) جیسے تاریخ ساز منصوبوں پر کام جارہی ہے،3سال میں اقتصادی خوشحالی اور ترقی کیلئے یکسوئی سے پیشترفت ہوئی۔

نواز شریف نے کہا کہ آج پاکستان کے عوام کو کھوئی ہوئی منزل کا سراغ مل گیا،دیانتدار قیادت میسر ہوتو ناممکن کو ممکن بنایاجاسکتا ہے۔

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

مزار اقبال کی ذمہ داریاں پاک فضائیہ نے سنھبال لیں—فوٹو: ڈان نیوز
مزار اقبال کی ذمہ داریاں پاک فضائیہ نے سنھبال لیں—فوٹو: ڈان نیوز

یوم پاکستان کے موقع پر مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس دوران پاک فضائیہ کا چاک و چوبند دستے نے علامہ اقبال کو سلامی پیش کی اور شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

گارڈز تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے ایئر کموڈور سلمان محبوب تھے، تقریب کے دوران پاک فضائیہ نے مزار اقبال کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024