پنجاب یونیورسٹی: تصادم میں ملوث طلبہ کے خلاف مقدمہ
لاہور: پولیس نے جامعہ پنجاب میں ہونے والے دو گروہوں کے تصادم میں ملوث 'نامعلوم طلبہ' کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
مبینہ طور پر گذشتہ روز طلبہ کے ایک گروپ کے ثقافتی پروگرام کے موقع طلبہ میں تصادم ہوا تھا، جس کے نتیجے میں یونیورسٹی کی فضا کشیدہ ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ تصادم میں زخمی ہونے والے 19 طالب علموں میں سے 9 تاحال جناح ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
تصادم میں ملوث طالب علموں کے خلاف مقدمہ لاہور کے مسلم ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا، جبکہ اس میں کسی طالب علم کا نام شامل نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب یونیورسٹی: طلبہ تنظیموں میں تصادم
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ پولیس کو طلبہ گروہوں کے درمیان تصادم کی اطلاع موصول ہوئی، منگل (21مارچ) کے روز 150 سے 200 طلبہ نے ایک دوسرے پر لاٹھیوں سے حملہ کیا جبکہ ایک دوسرے پر پتھر برسائے، اس دوران یہ نامعلوم طلبہ ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کرتے رہے۔
مقدمے میں درج تفصیلات کے مطابق جب پولیس نے ان مشتعل طلبہ کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے پولیس اہلکاروں پر بھی پتھراؤ کا کیا۔
رپورٹس کے مطابق تصادم میں ملوث تمام افراد کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے کی جائے گی۔
سیکشن 427 (نقص امن) کے تحت درج کردہ مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 147/148 اور 353/186 بھی شامل کی گئیں۔
دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ نے جامعہ میں طلبہ کی سخت چیکنگ کے لیے سیکیورٹی کا عملہ بڑھاتے ہوئے یوم پاکستان کی مناسبت سے ہونے والی تقریبات منسوخ کردی ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں