• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بل گیٹس مسلسل چوتھے سال دنیا کے امیر ترین شخص قرار

شائع March 21, 2017
بل گیٹس — رائٹرز فائل فوٹو
بل گیٹس — رائٹرز فائل فوٹو

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس مسلسل چوتھے سال ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص قرار پائے ہیں۔

امریکی جریدے فوربز نے سال 2017 کی امیر ترین شخصیات کی فہرست جاری کی جس کے مطابق بل گیٹس 86 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے۔

گزشتہ برس بل گیٹس کے اثاثوں کی مالیت 75 ارب ڈالر تھی اور اس طرح وہ 2016 کے دوران اپنے اثاثوں میں گیارہ ارب ڈالرز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے۔

گزشتہ 23 برسوں میں یہ 18 واں موقع ہے جب بل گیٹس نے دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

برک شائر ہیتھ وے کے سربراہ وارن بفٹ 75.6 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جو گزشتہ برس 60.8 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھے۔

تاہم 2016 امیزون کے بانی جیف بیزوز کے لیے سب سے بہترین سال ثابت ہوا جو 12 ماہ کے دوران اپنے اثاثوں میں 27.6 ارب ڈالرز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہے اور 72.8 ارب ڈالرز کے ساتھ نمبر 5 سے چھلانگ لگا کر تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔

ملبوسات بنانے والی کمپنی زارا کے مالک امانکیو اورٹیگا گزشتہ سال دوسرے نمبر پر تھے مگر اس سال وہ 71.3 ارب ڈالرز کے ساتھ چوتھے پر جاگرے ہیں۔

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ چھٹے سے پانچویں نمبر آگئے جبکہ ان کے اثاثوں کی مالیت 55 ارب ڈالر رہی۔

کسی زمانے میں دنیا کے امیر ترین شخص کا اعزاز اپنے نام کرنے والے میکسیکو ٹیلی کمیونیکیشنز کے چیئرمین کارلوس سلم ہیلو 54.5 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ڈرامائی انداز سے 544 ویں نمبر پر جاپہنچے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے اثاثوں میں صدر بننے کے بعد سے 200 ملین ڈالرز کی کمی آئی ہے اور اس طرح وہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 200 نمبر نیچے جاگرے ہیں۔

اس وقت دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد 2043 ہے جو کہ گزشتہ سال 1810 تھی اور یہ پہلی بار ہے کہ دنیا میں ارب پتی افراد کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

دنیا کے ان امیر ترین افراد کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 7.67 ٹریلین ڈالر ہے۔

مجموعی طور پر 2016 میں 233 افراد نے ارب پتی بننے کا اعزاز حاصل کیا جو کہ تین دہائیوں میں سب سے زیادہ رہی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024