• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

انگلش بورڈ کے سربراہ کی عمران خان کے بیان پر تنقید

شائع March 19, 2017
ڈیوڈ ملان اور ڈیرن سیمی نے لاہور آکر کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا—فوٹو:ڈیرن سیمی ٹویٹر
ڈیوڈ ملان اور ڈیرن سیمی نے لاہور آکر کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا—فوٹو:ڈیرن سیمی ٹویٹر

انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے سربراہ کولن گریویزنے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے لیے لاہور آنے والے کھلاڑیوں کو 'پھٹیچر' کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے اس کو ہتک آمیز قرار دے دیا ہے۔

دی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق ای سی بی کے چیئرمین کولن گریویز کا کہنا تھا کہ 'ڈیرن سیمی، ڈیوڈ ملان اور دیگر کھلاڑیوں کے خلاف اس طرح کا بیان ہتک آمیز ہے اور وہ اس طرح کے متعصبانہ بیانات کے مستحق نہیں تھے۔

خیال رہے کہ عمران خان نے رواں ماہ کے اوائل میں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل پر تنقید کرتے ہوئے شرکت کے لیے آنے والے غیرملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہا تھا۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ 'ان کھلاڑیوں کو میں نہیں جانتا اور ان کے آنے سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی میں کوئی فرق نہیں پڑےگا'۔

ان کا کہنا تھا کہ' ایسا لگتا ہے کہ ہمیں دکھانے کے لیے انھیں اِدھر اٗدھر سے اور کسی کو افریقہ سے پکڑ کر لایا گیا ہے لیکن ہم نہیں جانتے ہیں کہ یہ کون لوگ ہیں'۔

مزید پڑھیں:پی ایس ایل فائنل کے غیر ملکی کھلاڑی 'پھٹیچر' تھے: عمران خان

بعد ازاں عمران خان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان میں سے کوئی بھی کھلاڑی اپنے ملک کے لیے ٹیسٹ نہیں کھیل رہا ہے کیونکہ ٹیسٹ کرکٹ ہی اصل کرکٹ ہے اس لیے میں انھیں وہ درجہ نہیں دیتا۔

پی ایس ایل کے فائنل کے لیے لاہور آنے والے کھلاڑیوں میں ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوئنٹی چمپیئن کپتان ڈیرن سیمی اور مارلن سیمیولز کے علاوہ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان اور کرس جارڈن شامل تھے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں دیگر پانچ کھلاڑی بھی شامل ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل فائنل 2017: 7 یادگار لمحات

کولن گریویز نے کہا کہ عمران خان کے خیالات'کھلاڑیوں کے حوالے سے ہتک آمیز تھے اور میرا نہیں خیال کہ ڈیوڈ ملان اور ڈیرن سیمی کو تیسرے درجے کے کرکٹرز قرار دیا جائے گا'۔

ای سی بی کے چیئرمین نے بین الاقوامی کھلاڑیوں کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 'ڈیوڈ ملان کی انگلش ٹیم میں بڑی اہمیت ہے جبکہ ڈیرن سیمی نے کپتان کی حیثیت سے ویسٹ انڈیز کو دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی چمپیئن بنایا ہے'۔

مزید پڑھیں:ڈیرن سیمی پی ایس ایل کے اسٹار

ان کا کہنا تھا کہ 'خاص کر ڈیوڈ ملان مڈل سیکس کی ایک روزہ ٹیم کے سرفہرست کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں اور انھوں نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے'۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے پاکستان جا کر کھیلنے کا فیصلہ کرنے والے کھلاڑیوں پر تنقید کے بجائے ان کا احترام اور سراہنے کے حق دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'اس طرح کے کھلاڑیوں کو بے عزت نہیں کرسکتے میرے خیال میں انھیں احترام نہ دینا مکمل طور پر غلط ہے'۔

'انھوں نے پاکستان آکر کھیلنے کا فیصلہ کیا جو شاندار تھا اور اس میں کوئی شک نہیں کہ انھیں بہت زیادہ عزت مل چکی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی کا پاکستان میں ’ورلڈ الیون‘ بھیجنے کا فیصلہ

لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کے فیصلے کو درست قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ'بین الاقوامی کرکٹ میں ہم اس بات پر خوش ہیں کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں اچھی طرح ہوا اور ہر کوئی خوش تھا کہ یہ کوئی ناخوش گوار واقعہ ہوئے بغیر منعقد ہوا'۔

کولن گریویز نے کہا کہ ای سی بی نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی برسوں سے حمایت کی ہے اور اب بھی کررہے ہیں ہم وہ ہیں جس نے آئی سی سی پر زور دیا کہ پاکستان کے تعاون کے لیے سیکیورٹی سمیت جو کچھ کرسکتے ہیں وہ کرگزریں۔

یاد رہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ کے سربراہ جائلز کلارک نے پی ایس ایل کے فائنل کو ہر صورت میں لاہور میں کرانے کی حمایت کی تھی اور لاہور کو دنیا کے محفوظ ترین شہروں میں سے ایک قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024