• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

'فرشتوں کا پھل' پپیتا بے شمار فوائد کا حامل

شائع March 18, 2017
پپیتا دنیا کے ہر کونے میں تقریباً سارا سال ہی دستیاب ہوتا ہے—فوٹو: کری ایٹیو کامنز
پپیتا دنیا کے ہر کونے میں تقریباً سارا سال ہی دستیاب ہوتا ہے—فوٹو: کری ایٹیو کامنز

منفرد خوشبو، کھلتے رنگ کے میٹھے گودے والے پھل پپیتے کو مشہور مہم جو کرسٹوفر کولمبس نے 'فرشتوں کے پھل' نام دیا تھا اور اگر پپیتے کی غذائی اہمیت پر نظر دوڑائی جائے تو یہ نام درست بھی لگتا ہے۔

ماضی میں کمیاب اور نایاب سمجھا جانے والا پھل پپیتا اب دنیا کے ہر کونے میں تقریباً سارا سال ہی دستیاب ہوتا ہے۔

پپیتے کے پھل کو کچا اور پکا دونوں صورتوں میں استعمال کیا جاتا ہے اور یہ دونوں ہی صورتوں میں انسانی صحت کے لیے بیش بہا فوائد کا حامل ہے۔

پپیتے کی غذائی اہمیت

وٹامن اے، وٹامن سی اور بے شمار معدنیات سے بھرے اس پھل کی تھوڑی سے مقدار ہی انسانی جسم کو درکار وٹامن سی کی روزمرہ مقدار کو پورا کرسکتی ہے۔

سوڈیئم، کیلوریز اور اسٹارچ کی کم مقدار کے باعث اس پھل کے اور بھی متعدد فوائد ہیں۔

1۔ ہاضمے میں مددگار

پپیتے میں موجود خصوصی خامرے (enzyme) 'پیپین' کی موجودگی کی وجہ سے اسے پروٹین کے ہاضمے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔

یونیورسٹی آف الینیوس میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق پروٹین کے ہاضمے کو بہتر بنانے کے لیے سب سے زیادہ بہتر اچھی طرح پکا ہوا پپیتا ہے۔

علاوہ ازیں پپیتے کو پیٹ کے دیگر مسائل اور عام بیماریوں جیسے کہ بدہضمی، آنتوں کے مسائل کے حل میں بھی مددگار سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اس پھل اور اس کے بیج پیٹ میں موجود کیڑوں کے خلاف حیرت انگیز طور پر کام کرتے ہیں۔—فوٹو: کری ایٹیو کامنز
ماہرین کے مطابق اس پھل اور اس کے بیج پیٹ میں موجود کیڑوں کے خلاف حیرت انگیز طور پر کام کرتے ہیں۔—فوٹو: کری ایٹیو کامنز

2۔ کینسر سے تحفظ

کیمیائی عنصر 'لائکوپین' کی موجودگی کی وجہ سے پپیتے کو کینسر کے خلاف مزاحمت فراہم کرنے میں بھی اہم سمجھا جاتا ہے۔

لائکوپین جسم میں پروسٹیٹ، پھیپھڑوں، لبلبے، معدے کی نالی، بریسٹ اور معدے کے کینسر کو پھیلنے سے روکتا ہے۔

3۔روشن اور صحت مند آنکھیں

پپیتے میں موجود کیروٹینوائڈز آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور پپیتا کھانے والے افراد کی آنکھیں بڑھتی عمر کے ساتھ کمزور ہونے سے واضح حد تک محفوظ رہتی ہیں۔

4۔پیٹ کے کیڑوں سے نجات

ماہرین کے مطابق اس پھل اور اس کے بیج پیٹ میں موجود کیڑوں کے خلاف حیرت انگیز طور پر کام کرتے ہیں۔

یہ دعویٰ مختلف تحقیقات سے بھی ثابت ہوچکا ہے جب سات دن میں پپیتا اور اس کے بیج کھانے والے بچوں کے پیٹ سے کیڑے بالکل ختم ہوگئے۔

پپیتے کا درخت—فوٹو: کری ایٹیو کامنز
پپیتے کا درخت—فوٹو: کری ایٹیو کامنز

5۔ چمکتی دمکتی جلد

بیٹا کیروٹین اور لائیکوپین سے بھرپور پپیتا انسانی جسم کے سب سے بڑے اور اہم عضو 'جلد' کے لیے بھی یکساں مفید ہے۔

پپیتے کو نہ صرف کھانے سے بہت سے فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں بلکہ جلد پر لگا کر بھی اس سے مستفید ہوا جاسکتا ہے۔

پپیتے کا رس سورج کی شعاعوں سے متاثرہ جلد کو ٹھنڈا کرنے اور نئے خلیات بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جبکہ کچے پپیتے کا گودا جلد کی بہترین صفائی یعنی ایکسفولی ایشن (exfoliation) کرسکتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ بہت سے صابنوں، فیس واش اور ہینڈ واش وغیرہ میں بھی پپیتے کا استعمال کیا جاتا ہے۔

6۔ دل کے دورے کا خدشہ کم

مختلف خامروں اور کیمیائی عناصر کی موجودگی کی وجہ سے پپیتا دل کے دورے کے خدشے میں بھی واضح کمی لانے کا باعث بنتا ہے۔

نوٹ: ماہرین حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کو پپیتے کا استعمال نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہیں، اس کے علاوہ پپیتے کے بیجوں کا استعمال کرتے ہوئے بھی خاص احتیاط برتنی چاہیئے کیونکہ ان کا ضرورت سے زائد استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024