سی پیک کی وجہ سے کشمیر پالیسی تبدیل نہیں ہوگی، چین
بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کے ذریعے کشمیر کے تنازع کا حل نکالنا چاہئیے۔
یہ بات چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چون اینگ نے بیجنگ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہی۔
پاکستان کی جانب سے گلگت بلتستان کو کشمیر کا حصہ قرار دینے کے منصوبے پر بھارتی اعتراض سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کا پانچواں صوبہ ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ ان ہی علاقوں کے ذریعے دونوں ممالک کو منسلک کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں: چین نے بھارت کی کوشش ناکام بنادی
ترجمان دفتر خارجہ ہوا چون اینگ کا کہنا تھا کہ کشمیر سے متعلق چین کی پالیسی بااصول اور صاف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک تاریخی مسئلہ ہے، جسے مناسب طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چون اینگ نے واضح طور پر کہا کہ سی پیک منصوبے سے چین کی کشمیر سے متعلق پالیسی تبدیل نہیں ہوگی۔
یہ خبر 18 مارچ 2017 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی