• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

یاہو پر سائبر حملہ: دو روسی ایجنٹس پر فرد جرم عائد

شائع March 15, 2017

واشنگٹن: امریکا میں روس کی خفیہ ایجنسی فیڈرل سیکیورٹی سروس (ایف ایس بی) کے دو ایجنٹس سمیت 4 افراد کو امریکا میں یاہو پر سائبر حملہ کرنے کی فرد جرم عائد کردی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے بدھ کے روز 4 افراد پر فرد جرم عائد کی جن میں دو روسی خفیہ ایجنٹس بھی شامل ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی محکمہ انصاف نے ملزمان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کرمنل ہیکرز کے ساتھ مل کر سائبر حملے کی سازش کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس انٹرنیٹ کمپنی یاہو نے تصدیق کی تھی کہ ہیکرز نے اس کے 50 کروڑ صارفین کے اکاؤنٹس کی اہم معلومات چوری کر لی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یاہو کے 50 کروڑ صارفین کی معلومات چوری

یاہو کا یہ بھی کہنا تھا کہ تقریباً 50 کروڑ صارفین کے ڈیٹا کی چوری 2014 میں ہوئی تھی، جس میں ذاتی معلومات کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی سوال جواب چوری ہوئے، تاہم ہیکرز کو صارفین کے بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ کارڈ کے بارے میں کچھ معلومات حاصل نہ ہوسکیں تھیں۔

اس سائبر حملے میں ملوث ایک شخص کو 14 مارچ کو کینیڈا سے حراست میں لیا گیا تھا۔

قائم مقام اٹارنی جنرل میری میک کورڈ نے فرد جرم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم کسی شخص، گروپ، ریاست کو یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ وہ ہمارے شہریوں کی نجی معاملات، ہماری کمپنیوں کے مفادات اور ہمارے ملک کی سلامتی کو نقصان پہنچائیں'۔

امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جن افراد پر فرد جرم عائد کی گئی ان میں روس سے تعلق رکھنے والے دمتری ایلکزینڈرووچ، آئیگور اناطولیوچ اور ایلکسے ایلکسیوچ جبکہ قازق نژاد کینیڈین شہری کریم بارتوف شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: صدارتی انتخاب:’روس ہیکنگ میں ملوث ہوسکتا ہے‘

امریکی محکمہ انصاف نے واضح کیا کہ ان الزامات کا گزشتہ برس ڈیموکریٹک نیشنل کنوینشن کی ہیکنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

میک کورڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ 'ہمیں امید ہے کہ روس ہمارے فوجداری نظام انصاف اور عائد کردہ الزامات کا احترام کرے گا '۔

خیال رہے کہ یاہو پر اس ہیکنگ کی اطلاع صارفین کو تاخیر سے دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم بعد ازاں یاہو نے اپنے صارفین سے کہا تھا کہ اگر انہوں نے 2014 کے بعد سے پاس ورڈ تبدیل نہیں کیے تو کرلیں۔

روسی خفیہ ایجنٹس کے خلاف فرد جرم عائد ایک ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب امریکا اور روس کے درمیان امریکی صدارتی انتخاب کے دوران مبینہ ہیکنگ کے معاملے پر پہلے ہی تعلقات کشیدہ ہیں۔


کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024