• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

'گائے ذبح کرنے پر عمر قید کی سزا'

شائع March 14, 2017

احمد آباد: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں حکومت نے گائے ذبح کرنے والوں کے خلاف سخت ترین اقدامات کی تجویز پیش کردی۔

بھارتی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق گجرات کی ریاستی حکومت 'گائے کے تحفظ' کے پہلے سے موجود قانون کو مزید سخت کرنے پر غور کررہی ہے۔

بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے ریاست گجرات کے وزیراعلیٰ وجے روپانی نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کہا کہ 'ہم نے گائے کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ میں مقدمہ لڑا اور ان کے تحفظ کا بل لے کر آئے'۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: 'گائے کا گوشت کھانے' پر مسلمان قتل

انہوں نے کہا کہ اب ہم اس قانون کو مزید سخت کریں گے تاکہ کوئی بھی گائے کو ذبح کرنے کی ہمت نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے گجرات اسمبلی کے بجٹ سیشن کے دوران ہی 'تحفظ جنگی حیات ایکٹ 2011' میں ترمیم کا بل پیش کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ ایکٹ 2011 میں پہلی بار گجرات میں نافذ کیا گیا تھا جب نریندر مودی گجرات کے وزیراعلیٰ تھے۔

اس ایکٹ کے تحت گائے ذبح کرنے والے شخص پر 50 ہزار روپے جرمانہ اور 7 سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

تاہم اب وجے روپانی کا کہنا ہے کہ وہ اس ایکٹ میں سزا کو مزید سخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ترمیمی بل میں گائے ذبح کرنے کا گائے کا گوشت سپلائی کرنے والے شخص کو عمر قید کی سزا دینے اور اس کی گاڑی کو مستقل طور پر ضبط کر لینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: گجرات فسادات: 24 انتہا پسند مجرم قرار

خیال رہے کہ نریندر مودی 2001 سے 2014 تک ریاست گجرات کے وزیراعلیٰ رہے ہیں، ان کے دور میں گجرات میں گائے ذبح کرنے، گائے کے گوشت کی نقل و حمل اور اس کی فروخت پر مکمل پابندی رہی ہے۔

نریندر مودی ہندو قوم پرست تنظیم بھارتیہ جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر 2014 کے انتخابات میں بنارس سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

نریندر مودی کے دور میں ہی ریاست گجرات میں ہندو مسلم فسادات ہوئے تھے، گجرات کے مسلم کش فسادات میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کو بھی ملوث قرار دیا گیا تھا، تاہم عدالت نے انہیں 2012 میں عدم شواہد اور شک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بری کردیا تھا۔

واضح رہے کہ فروری 2002 میں ہندو یاتریوں کی ایک ٹرین کو آگ لگائے جانے کے بعد گجرات بھر میں ہندو مسلم فسادات پھوٹ پڑے تھے، جن میں مجموعی طور پر ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ میں نرندر مودی کو ویزا جاری کرنے کی مخالفت

ہندوستان کی تاریخ میں مذہبی بنیادوں پر ہونے والے یہ فسادات 1947 میں آزادی کے بعد سب سے زیادہ ہلاکت خیز فسادات تھے۔

گجرات فسادات میں نریندر مودی کے ملوث ہونے کے الزام میں امریکا نے بھی نریندر مودی پر امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کررکھی ہے تاہم چونکہ اس وقت وہ بھارت کے وزیراعظم ہیں لہٰذا انہیں امریکا کی جانب سے سربراہ مملکت کا ویزا جاری کیا جاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025